پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم کرہانی کی غزلیں — Shamim Karhani Ghazals

شمیم کرہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جشن حیات ہو چکا جشن ممات اور ہے (غزل)

جشن حیات ہو چکا جشن ممات اور ہے

ایک برات آ چکی ایک برات اور ہے

عشق کی اک زبان پر لاکھ طرح کی بندشیں

آپ تو جو کہیں بجا آپ کی بات اور ہے

پینے کو اس جہان میں کون سی مے نہیں مگر

عشق جو بانٹتا ہے وہ آب حیات اور ہے

ظلمت وقت سے کہو حسرت دل نکال لے

ظلمت وقت کے لیے آج کی رات اور ہے

ان کو شمیمؔ کس طرح نامۂ آرزو لکھیں

لکھنے کی بات اور ہے کہنے کی بات اور ہے

فاصلہ تو ہے مگر کوئی فاصلہ نہیں (غزل)

فاصلہ تو ہے مگر کوئی فاصلہ نہیں

مجھ سے تم جدا سہی دل سے تم جدا نہیں

کاروان آرزو اس طرف نہ رخ کرے

ان کی رہ گزر ہے دل عام راستہ نہیں

اک شکست آئینہ بن گئی ہے سانحہ

ٹوٹ جائے دل اگر کوئی حادثہ نہیں

آئیے چراغ دل آج ہی جلائیں ہم

کیسی کل ہوا چلے کوئی جانتا نہیں

آسماں کی فکر کیا آسماں خفا سہی

آپ یہ بتائیے آپ تو خفا نہیں

کس لیے شمیمؔ سے اتنی بدگمانیاں

مل کے دیکھیے کبھی آدمی برا نہیں

ہم کام کے نغمے گاتے ہیں بیکار ترانہ کیا جانیں (نظم)

ہم کام کے نغمے گاتے ہیں بیکار ترانہ کیا جانیں

جو صرف عمل کے بندے ہیں وہ بات بنانا کیا جانیں

رگ رگ میں لہو کو گرماتے جاتے ہیں وطن کی جے گاتے

ہم عہد جوانی کے ماتے بوڑھوں کا زمانہ کیا جانیں

طوفان میں کشتی کھیتے ہیں کہسار سے ٹکر لیتے ہیں

ہم جنگ میں سر دے دیتے ہیں ہم پاؤں ہٹانا کیا جانیں

بگڑوں کو بنانے آئے ہیں غربت کو مٹانے آئے ہیں

ہم آگ بجھانے آئے ہیں ہم آگ لگانا کیا جانیں

دیوار وہ کالے زنداں کی تصویر وہ ظلم انساں کی

شاہد ہے ہمارے ارماں کی ہم جان چرانا کیا جانیں

وہ حسن و جوانی کی راتیں وہ کیف و ترنم کی باتیں

وہ لعل و گہر کی برساتیں ہم لوگ منانا کیا جانیں

افلاس کے مارے بندوں کے کس طرح بلکتے ہیں بچے

جو دیکھ رہے ہیں آنکھوں سے وہ جشن منانا کیا جانیں

وہ اور ہیں جو کرتے ہیں ستم خود شاد ہیں دنیا محو الم

ہم زخم پہ رکھتے ہیں مرہم ہم زخم لگانا کیا جانیں

بے خوف چلے سنگینوں پر اور روک لی گولی سینوں پر

لکھا ہے ہماری جبینوں پر ہم سر کا جھکانا کیا جانیں

مزید غزلیں از شمیم کرہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں