پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم جے پوری کی غزلیں — Shamim Jaipuri Ghazals

شمیم جے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیوں ہمیں موت کے پیغام دئے جاتے ہیں (غزل)

کیوں ہمیں موت کے پیغام دئے جاتے ہیں

یہ سزا کم تو نہیں ہے کے جیے جاتے ہیں

ہم ہیں ایک شمع مگر دیکھ کے بجھتے بجھتے

روشنی کتنے اندھیروں کو دئے جاتے ہیں

نشہ دونوں میں ہے ساقی مجھے غم دے کے شراب

مے بھی پی جاتی ہے آنسو بھی پئے جاتے ہیں

ان کے قدموں پہ نہ رکھ سر کے ہے یہ بے ادبی

پائے نازک تو سر آنکھوں پہ لئے جاتے ہیں

تجھ کو برسوں سے ہے کیوں ترک تعلق کا خیال

فیصلے وہ ہیں جو پل بھر میں لئے جاتے ہیں

اپنی تاریخ‌‌ محبت کے وہی ہیں سقراط

ہنس کے ہر سانس پہ جو زہر پئے جاتے ہیں

آبگینوں کی طرح دل ہیں غریبوں کے شمیمؔ

ٹوٹ جاتے ہیں کبھی توڑ دئے جاتے ہیں

زمیں پہ رہ کے دماغ آسماں سے ملتا ہے (غزل)

زمیں پہ رہ کے دماغ آسماں سے ملتا ہے

کبھی یہ سر جو ترے آستاں سے ملتا ہے

اسی زمیں سے اسی آسماں سے ملتا ہے

یہ کون دیتا ہے آخر کہاں سے ملتا ہے

سنا ہے لوٹ لیا ہے کسی کو رہبر نے

یہ واقعہ تو مری داستاں سے ملتا ہے

در حبیب بھی ہے بت کدہ بھی کعبہ بھی

یہ دیکھنا ہے سکوں اب کہاں سے ملتا ہے

طلب نہ ہو تو کسی در سے کچھ نہیں ملتا

اگر طلب ہو تو دونوں جہاں سے ملتا ہے

وہیں چلو وہیں اب ہم بھی ہاتھ پھیلائیں

شمیمؔ سارے جہاں کو جہاں سے ملتا ہے

مزید غزلیں از شمیم جے پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں