شمیم فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ڈوبتے سورج کا منظر وہ سہانی کشتیاں (غزل)
ڈوبتے سورج کا منظر وہ سہانی کشتیاں
پھر بلاتی ہیں کسی کو بادبانی کشتیاں
اک عجب سیلاب سا دل کے نہاں خانے میں تھا
ریت ساحل دور تک پانی ہی پانی کشتیاں
موج دریا نے کہا کیا ساحلوں سے کیا ملا
کہہ گئیں کل رات سب اپنی کہانی کشتیاں
خامشی سے ڈوبنے والے ہمیں کیا دے گئے
ایک انجانے سفر کی کچھ نشانی کشتیاں
ایک دن ایسا بھی آیا حلقۂ گرداب میں
کسمسا کر رہ گئیں خوابوں کی دھانی کشتیاں
آج بھی اشکوں کے اس گہرے سمندر میں شمیمؔ
تیرتی پھرتی ہیں یادوں کی پرانی کشتیاں
جو بھی کہنا ہو وہاں میری زبانی کہنا (غزل)
جو بھی کہنا ہو وہاں میری زبانی کہنا
لوگ کچھ بھی کہیں تم آگ کو پانی کہنا
آج وہ شخص زمانے میں ہے یکتا کہہ دو
جب کوئی دوسرا مل جائے تو ثانی کہنا
غم اگر پلکوں پہ تھم جائے تو آنسو کہیو
اور بہہ جائے تو موجوں کی روانی کہنا
جتنا جی چاہے اسے آج حقیقت کہہ لو
کل اسے میری طرح تم بھی کہانی کہنا
اب تو دھندلا گیا یادوں کا ہر اک نقش شمیمؔ
پھر وہ دے جائے کوئی اپنی نشانی کہنا