شمیم فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی ہنستی ہے صبح و شام تیرے شہر میں (غزل)
زندگی ہنستی ہے صبح و شام تیرے شہر میں
عام ہے دور مئے گلفام تیرے شہر میں
کس قدر مشہور ہیں وہ لوگ جو ہیں بوالہوس
اور اک ہم ہیں کہ ہیں بدنام تیرے شہر میں
کوئی سودائی کوئی کہتا ہے دیوانہ مجھے
روز ملتا ہے نیا اک نام تیرے شہر میں
ہم جنون عشق کے با وصف بھی ہشیار ہیں
صبح تیرے شہر میں ہیں شام تیرے شہر میں
زندگی مجھ کو ملے یا موت کا ہو سامنا
جو بھی ہونا ہے وہ ہو انجام تیرے شہر میں
کار فرما تیری نظریں حکمراں تیرا جمال
کانپتی ہے گردش ایام تیرے شہر میں
ہر طرف عیش و مسرت ہر طرف موج شمیمؔ
لطف ساماں زندگی ہے عام تیرے شہر میں
آنکھیں غم فراق سے ہیں تر ادھر ادھر (غزل)
آنکھیں غم فراق سے ہیں تر ادھر ادھر
غم کا اثر ہے آج برابر ادھر ادھر
تھے جو وفا شعار وہ نذر ستم ہوئے
اب کس کو ڈھونڈھتا ہے ستم گر ادھر ادھر
محفل میں تیرے حسن پہ قربان ہوگا کون
دیوانے چل دیے جو نکل کر ادھر ادھر
ساقی کے ساتھ رونق مے خانہ بھی گئی
ٹوٹے پڑے ہیں شیشہ و ساغر ادھر ادھر
ایسا نہ ہو زمانہ ہنسے تم پر ایک دن
لکھو نہ میرے حال پہ ہنس کر ادھر ادھر
دل میں کبھی ہے درد جگر میں کبھی خلش
جیسے چھپے ہوں سینے میں نشتر ادھر ادھر
اپنی غزل سناؤ شمیمؔ اہل ذوق کو
ضائع کرو نہ فکر کے جوہر ادھر ادھر