پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم فرحت کی غزلیں — Shamim Farhat Ghazals

شمیم فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا خبر تھی عشق میں یہ بھی ستم ہو جائے گا (غزل)

کیا خبر تھی عشق میں یہ بھی ستم ہو جائے گا

آنکھ میں آنسو نہ ہوں گے درد کم ہو جائے گا

اپنے عیبوں دوسروں کی خوبیوں پر رکھ نظر

تو بھی دنیا کی نظر میں محترم ہو جائے گا

میرے آنسو جیسے ان کی آنکھ سے بہنے لگے

کیا کبھی یہ معجزہ اے چشم نم ہو جائے گا

کس کو تھا معلوم ہنستا کھیلتا بچپن مرا

مفلسی کی زد میں آ کے وقف غم ہو جائے گا

پستہ قد لوگوں میں فرحتؔ سر بلندی جرم ہے

دیکھنا تیرا بھی اک دن سر قلم ہو جائے گا

ہم جو ان ہاتھوں کو مصروف عمل رکھتے ہیں (غزل)

ہم جو ان ہاتھوں کو مصروف عمل رکھتے ہیں

مسئلے جو بھی ہوں خود سامنے حل رکھتے ہیں

اپنے حصے میں فقط باغ کی محنت آئی

پھول رکھتے ہیں نہ ہم پاس میں پھل رکھتے ہیں

دن کو مفلس ہیں تو کیا رات ہے شاہوں جیسی

ہم بھی خوابوں میں کئی تاج محل رکھتے ہیں

ہم انہیں دیکھ کے جیتے ہیں ستم تو دیکھو

جو ہمیں دیکھ کے پیشانی پہ بل رکھتے ہیں

ہم وہاں درس وفا دیں بھی تو کیا لوگ جہاں

بغض سینوں میں دماغوں میں خلل رکھتے ہیں

آپ کے شعروں میں فرحتؔ غم دوراں کیسا

اہل فن آپ سے امید غزل رکھتے ہیں

مزید غزلیں از شمیم فرحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں