پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم دہلوی کی غزلیں — Shamim Dehlvi Ghazals

شمیم دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھولنے والے سے کوئی کہہ دے ذرا اس طرح یاد آنے سے کیا فائدہ (غزل)

بھولنے والے سے کوئی کہہ دے ذرا اس طرح یاد آنے سے کیا فائدہ

جب مرے دل کی دنیا بساتے نہیں پھر خیالوں میں آنے سے کیا فائدہ

چار تنکے جلانے سے کیا مل گیا مٹ سکا نہ زمانے سے میرا نشاں

مجھ پہ بجلی گراؤ تو جانیں سہی آشیاں پر گرانے سے کیا فائدہ

کیا کہوں آپ سے کتنی امید تھی آپ کیا بدلے دنیا بدل سی گئی

آسرا دے کے دل توڑتے ہیں مرا اس طرح سے ستانے سے کیا فائدہ

تم نے موسیٰ کو ناحق ہی تکلیف دی لطف آتا اگر یاد کرتے ہمیں

جن کی آنکھوں میں تاب نظارہ نہ ہو ان کو جلوہ دکھانے سے کیا فائدہ

پہلے دل کو برائی سے کر پاک تو پھر خلوص عقیدت سے کر جستجو

ایسے سجدوں سے اللہ ملتا نہیں ہر جگہ سر جھکانے سے کیا فائدہ

لاکھ سمجھایا تجھ کو مگر اے شمیمؔ تیری ہشیاری آخر نہ کام آ سکی

آنکھ ملتی گئی راز کھلتے گئے اب حقیقت چھپانے سے کیا فائدہ

مزید غزلیں از شمیم دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں