پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم دانش کی غزلیں — Shamim Danish Ghazals

شمیم دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لکھ کے تحریر محبت کی مٹائی اس نے (غزل)

لکھ کے تحریر محبت کی مٹائی اس نے

ہائے کس دل سے چھری دل پہ چلائی اس نے

خوبصورت مری آنکھوں کا یہ دھوکا ہی سہی

میری تصویر تو سینے سے لگائی اس نے

وہ جو اب طاق پہ خاموش دیا رکھا ہے

رات بھر کی ہے اندھیروں سے لڑائی اس نے

چند لمحے ہی سہی چشم عنایت سے مگر

دونوں عالم کی مجھے سیر کرائی اس نے

کر کے بے لوث محبت سے کنارہ میری

کیا عزیزو مرے پائی ہے خدائی اس نے

عمر بھر کی میں سزا کاٹنے والا تھا مگر

جانے کیا سوچ کے دے دی ہے رہائی اس نے

جس کو دیکھو وہی دیوانہ بنا پھرتا ہے

ایسی تصویر ہے ڈیپی میں لگائی اس نے

ہار تو میری اسی وقت ہوئی اے دانشؔ

کر لیا اپنی طرف جب مرا بھائی اس نے

سب فیصلے خلاف ہمارے گئے تو کیا (غزل)

سب فیصلے خلاف ہمارے گئے تو کیا

ہم بے گناہ جان سے مارے گئے تو کیا

یہ کم نہیں کہ یاد ہی رکھا گیا ہمیں

محفل میں سب کے بعد پکارے گئے تو کیا

پانی تمام صحن کا جب پی گئی زمین

کاغذ کے اب سفینے اتارے گئے تو کیا

تم بے وفا ہو کون یہاں جانتا نہیں

تم بے وفا نہ کہہ کے پکارے گئے تو کیا

رونق نہ کم ہوئی کبھی اس بزم ناز کی

کچھ کہکشاں سے ٹوٹ کے تارے گئے تو کیا

خطرے میں آج بھی ہے یقیں کا مرے وجود

کچھ سانپ آستین کے مارے گئے تو کیا

جنت نہیں ملی ہے یہی جانتے ہیں ہم

جنت کے سامنے سے گزارے گئے تو کیا

میں بھی شکار عشق ہی کے سانحے میں ہوں

اس حادثے میں آپ بھی مارے گئے تو کیا

مزید غزلیں از شمیم دانش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں