پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم فاروق بانس پاری کی غزلیں — Shameem Farooq Banspari Ghazals

شمیم فاروق بانس پاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے سبب کیوں ہو پریشان کہاں جاؤ گے (غزل)

بے سبب کیوں ہو پریشان کہاں جاؤ گے

شب اندھیری ہے مری جان کہاں جاؤ گے

رنگ لائیں مرے آنسو مرے نالے نہ کہیں

باد و باراں کا ہے امکان کہاں جاؤ گے

اف یہ طوفان ترنم یہ جھنکتی پائل

شب میں اس طرح بالاعلان کہاں جاؤ گے

دو قدم چلتے ہو اور چل کے ٹھہر جاتے ہو

آؤ جانا نہیں آسان کہاں جاؤ گے

یہ جوانی کا ابھار اور یہ فطرت کا دباؤ

لے کے اٹھتا ہوا طوفان کہاں جاؤ گے

رات کا وقت ہے تنہا ہو زمانہ ہے خراب

اپنے اوپر کرو احسان کہاں جاؤ گے

لوگ اٹھتے ہیں عبادت کے لیے پچھلے پہر

ڈگمگا جائیں گے ایمان کہاں جاؤ گے

راہ میں گنج شہیداں سے پڑے گا پالا

حشر اٹھنے کا ہے امکان کہاں جاؤ گے

ڈھونڈھنے نکلے تو ہو دل کا سکوں اے فاروقؔ

ساری دنیا ہے پریشان کہاں جاؤ گے

دل اسیر غم دوراں ہے غزل کیا کہیے (غزل)

دل اسیر غم دوراں ہے غزل کیا کہیے

زندگی سر بہ گریباں ہے غزل کیا کہیے

اب تو ہر نقش نمایاں ہے غزل کیا کہیے

دل چراغ تہ داماں ہے غزل کیا کہیے

چہرۂ شعلہ و شبنم پہ برستا ہے دھواں

برق کی زد میں گلستاں ہے غزل کیا کہیے

زلف شب رنگ کا افسانہ خوش آئند سہی

روبرو شام غریباں ہے غزل کیا کہیے

ذوق پر چھائی ہیں منہ بولتی زندہ غزلیں

ہم ہیں اور مجمع خوباں ہے غزل کیا کہیے

حال دل غیر نظر خیرہ پراگندہ دماغ

حشر کا دن شب ہجراں ہے غزل کیا کہیے

فرصت تذکرۂ کاکل و رخسار کہاں

جوہری دور میں انساں ہے غزل کیا کہیے

بوئے گل نالۂ دل دود چراغ محفل

بزم کی بزم پریشاں ہے غزل کیا کہیے

فیض سے جس کے چمن زار سخن تھا سیراب

خشک وہ چاہ زنخداں ہے غزل کیا کہیے

من کی دنیا پہ تو چھائے ہیں اندھیرے ہر سو

تن کی دنیا میں چراغاں ہے غزل کیا کہیے

بزم افکار کو رکھتی تھی جو روشن اے دوست

لو اسی شمع کی لرزاں ہے غزل کیا کہیے

آسماں سر پہ اٹھائے ہے زمیں کی شورش

ایک ہنگامۂ طوفاں ہے غزل کیا کہیے

خون مظلوم سے آلودہ ہے چپہ چپہ

ہر طرف گنج شہیداں ہے غزل کیا کہیے

پھول مرجھائے ہوئے نبض چمن افسردہ

رخصت فصل بہاراں ہے غزل کیا کہیے

ہر طرف امن کے نعروں سے فضا ہے معمور

ہر طرف جنگ کا ساماں ہے غزل کیا کہیے

غیر تو غیر ہیں اس دور سیہ بختی میں

اپنا سایہ بھی گریزاں ہے غزل کیا کہیے

اب تو سینے میں بجائے دل سوزاں فاروقؔ

ایک شعلہ سا فروزاں ہے غزل کیا کہیے

کس سے کہئے دل کی بات (نظم)

کس سے کہئے دل کی بات

اپنی عزت اپنے ہات

تم بن سونے ہیں یوں دن

جیسے بول رہی ہو رات

کیسی شادی کیسا غم

اپنے اپنے محسوسات

عشق ہے یہ کچھ کھیل نہیں

کس کی مات اور کیسی مات

دیکھ چکا ہوں حشر کا دن

کاٹ چکا ہوں ہجر کی رات

ہر الزام مجھے تسلیم

اپنے دل پر رکھئے ہات

لوٹے ہیں راتوں کے دن

چمکی ہے ساقی برسات

واعظ کا مذہب فاروقؔ

جیسا موقع ویسی بات

مزید غزلیں از شمیم فاروق بانس پاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں