پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم فاطمہ جعفری کی غزلیں — Shameem Fatima Jafari Ghazals

شمیم فاطمہ جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرا سر آپ کے قدموں پہ جھکا آج کے دن (غزل)

میرا سر آپ کے قدموں پہ جھکا آج کے دن

اپنی قسمت پہ مجھے ناز ہوا آج کے دن

جھوم کر کالی گھٹا چھا گئی ہر چار طرف

کس نے زلفوں کو پریشان کیا آج کے دن

سارا عالم ہے مرے دیدۂ حیراں کی مثال

جلوہ گر کون سر بزم ہوا آج کے دن

نگہ شوق ترے رخ سے ہٹائی نہ گئی

دل میں ایک درد نیا اور اٹھا آج کے دن

ہو کے خود سامنے اعمال کی پرشش کیا خوب

اپنی ہستی کا کسے ہوش رہا آج کے دن

ہو دل و جان شمیمؔ آپ پہ قرباں سو بار

ایک نگاہ کرم و لطف و عطا آج کے دن

فسانۂ غم دل آپ کو سنا دیتے (غزل)

فسانۂ غم دل آپ کو سنا دیتے

غرور حسن کو ہم اور کچھ بڑھا دیتے

نگاہ شوق پہ الزام حشر آ جاتا

جو آپ حشر سے پہلے نقاب اٹھا دیتے

نگاہ ناز سے اک بار دیکھ لیتے ادھر

تمہاری نظروں کو ہم عمر بھر دعا دیتے

خطا معاف نہ ہوتی یہ گرمی محفل

ہم اپنا دل نہ اگر شمع ساں جلا دیتے

متاع زیست اسی درد کو سمجھتے ہیں

وگرنہ یاد تری دل سے ہم بھلا دیتے

یہ گلشن اپنی ہی رنگینیوں پہ نازاں ہے

نہ جانے اہل نظر ہیں کسے دعا دیتے

خیال زلف رہا مقصد حیات شمیمؔ

بہار شام چمن پر دھیان کیا دیتے

میں پہنچ جاؤں اگر آپ مجھے یاد کریں (نظم)

میں پہنچ جاؤں اگر آپ مجھے یاد کریں

میری رفتار تخیل کی بھی رفتار سے تیز

قلب مضطر سے پکاری ہوئی آواز سے تیز

آپ کی نظروں کے تیر اثر انداز سے تیز

تیز تر آہوئے صحرا سے ہو رفتار میری

تیز پرواز میں شاہیں سے بھی رفتار میری

گرچہ راہیں ہو بہت مشکل و دشوار میری

تپش شوق سے شعلوں کی لپک سے بڑھ کر

برق بے تاب کی مانند با قلب مضطر

جیسے مسحور کوئی بر فسون شعبدہ گر

لاکھ تاریکیاں حائل ہوں سر راہ گزر

ہر قدم پر زمانہ کے حوادث سے خطر

موت کے بعد بھی ہر قید سے آزاد ہو کر

مزید غزلیں از شمیم فاطمہ جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں