شام رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ردائے خاک طلب دور تک بچھا بھی دے (غزل)
ردائے خاک طلب دور تک بچھا بھی دے
برہنہ راہ کو پیراہن صدا بھی دے
میں ایک سادہ ورق ہوں تری کہانی کا
جو ہو سکے تو مجھے داستاں بنا بھی دے
ہمارے درمیاں حائل ہے دشمنوں کی طرح
جو ہو سکے تو یہ دیوار خوف ڈھا بھی دے
جنم جنم سے ہم اپنی تلاش میں گم ہیں
ہم اہل درد کو ہم سے کبھی ملا بھی دے
برہنہ پیڑ کو شادابیوں سے کر گلزار
گل حیات کو کچھ رنگ پھر نیا بھی دے
ترے خیال کا جب صحن دل میں چاند کھلے
اداس شام کو منظر سا کچھ نیا بھی دے
جو سامنے ہے مرے وہ غبار کیا ہوگا (غزل)
جو سامنے ہے مرے وہ غبار کیا ہوگا
اب اس سے بڑھ کے مرا انتشار کیا ہوگا
تمام ذرے بکھر کر سمیٹ لیں گے مجھے
یہ جانتا ہوں سر کہسار کیا ہوگا
ہر ایک عہد میں ٹوٹا ہوں پھر بھی جانتا ہوں
شکستہ لوگوں میں میرا شمار کیا ہوگا
ہر ایک شخص جہاں اپنے آپ میں گم ہو
وہاں ہم اہل ہنر کا شمار کیا ہوگا
یہ اور بات کہ میں صحن انتظار میں ہوں
مگر جو ہو چکا وہ بار بار کیا ہوگا
تمام جستجوئے شوق رائیگاں اے شامؔ
مجھے خبر ہے پس انتظار کیا ہوگا