شمع بھلیسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت بے وقت وہ یاد آتے رہے (غزل)
وقت بے وقت وہ یاد آتے رہے
شدتوں سے ہیں دل جو جلاتے رہے
فاصلے کم نہ ہوتے دکھے پھر ہمیں
گو قدم در قدم وہ بڑھاتے رہے
دل میں کچھ اور تھا لب پہ تھا اور کچھ
کہنے کو ہم سے الفت نبھاتے رہے
پیار میں اس کے ہر چوٹ گہری ملی
زخم پر زخم ہم روز کھاتے رہے
یہ قلم بس مرا اس کو لکھتا رہا
آنکھ میں خواب جس کے سجاتے رہے
آہ بھرتی رہی زندگی یہ مری
محفلوں میں مگر مسکراتے رہے
دل نے کھولی گرہ بس اسی کے لیے
جس کے نغمے مرے دل کو بھاتے رہے
سکوں ہمیں نہیں حاصل نہیں قرار آئے (غزل)
سکوں ہمیں نہیں حاصل نہیں قرار آئے
خزاں کا ٹھہرا ہے موسم کہاں بہار آئے
کبھی ٹہل کے جو آئے پرانی گلیوں سے
قسم خدا کی بہت ہو کے بے قرار آئے
طویل ہے یہ شب غم بسر نہیں ممکن
نہ جانے کیوں وہ تصور میں بار بار آئے
لکھا ہے جس کی بھی قسمت میں جو ملے اس کو
گلاب حصے کسی کے کسی کے خار آئے
زمان ہجر نہ پلٹا نہ وصل یار ہوا
نصیب میں ہے مرے حصے انتظار آئے