شاکر الاکرم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس نے کہا کہ عشق نے جینا کیا حرام (غزل)
کس نے کہا کہ عشق نے جینا کیا حرام
اس جذبۂ جنوں کو عقیدت بھرا سلام
پہلا قدم رکھا ہے ابھی رہ گزار میں
مجھ سے ہے کیوں فرار تجھے گردش مدام
آتش کدے نے اور بھی بھڑکا دیا ہے شوق
مقتل کی سمت بڑھنے لگا سوز تشنہ کام
ساقی پہ تیرا فیض ہے یا انقلاب ہے
رندوں نے توڑ ڈالے ہیں سارے شکستہ جام
اس درجہ حشر خیز ہے اس کا عتاب حسن
سجدے میں گر پڑے ہیں بتان گماں تمام
وارفتگان شوق کی ساری خطا معاف
بزم طرب میں گونج رہی ہے صدائے عام
دھڑکن میں شور برپا تھا آنکھوں میں انتظار
اب جا کے وحشتوں کو ہے آیا قرار نام
دنیا سمجھ رہی تھی جسے نیشتر زنی
اس نے حیات نو کا دیا جاں فزا پیام
رند کے ہاتھ میں نظامت ہے (غزل)
رند کے ہاتھ میں نظامت ہے
ساقیا تو بتا سلامت ہے
حسن والے جفا کے پیکر ہیں
عشق پر آج تک ندامت ہے
جذب بے تاب اور خاموشی
یا الٰہی یہ کیا قیامت ہے
کس کو اپنائے آج کی رادھا
ہر کوئی صاحب کرامت ہے
غم کا اظہار مت کرو شاکرؔ
یہ تو کم ظرف کی علامت ہے