پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاکر خلیق کی غزلیں — Shakir Khaliq Ghazals

شاکر خلیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم جرم محبت کی سزا پائے ہوئے ہیں (غزل)

ہم جرم محبت کی سزا پائے ہوئے ہیں

بے وجہ نہیں ہے کہ جو شرمائے ہوئے ہیں

تھی جن کی تب و تاب سے اس بزم کی رونق

دیپک وہ سر شام ہی کجلائے ہوئے ہیں

ہر سمت سیاہی ہے گھٹا ٹوپ اندھیرا

کیا زلف دوتا آج وہ بکھرائے ہوئے ہیں

ہم خوگر تسلیم و رضا آج ہیں ورنہ

ماضی میں بہت ٹھوکریں بھی کھائے ہوئے ہیں

ہے بربط دل سختئ مضراب سے لرزاں

تلخئ محبت کا مزہ پائے ہوئے ہیں

اے دوست سکوں ہم کو میسر نہیں ہوتا

آشفتگئ دہر سے گھبرائے ہوئے ہیں

بھگت رہا ہوں خود اپنے کئے کا خمیازہ (غزل)

بھگت رہا ہوں خود اپنے کئے کا خمیازہ

ٹپک رہا ہے جو آنکھوں سے یہ لہو تازہ

کسی کی یاد کے سائے کو ہم سفر سمجھا

لگا سکو تو لگا لو جنوں کا اندازہ

کسے مجال کہ اب میرے دل میں گھر کر لے

ہے گرچہ اب بھی کھلا اپنے دل کا دروازہ

نگار وقت نے ہر سو کمند ڈالی ہے

بکھر نہ جائے کہیں انجمن کا شیرازہ

خدا گواہ ہے ان کو بھی دے رہا ہوں دعا

جو کستے رہتے ہیں شاکرؔ پہ روز آوازہ

مزید غزلیں از شاکر خلیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں