پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاکر کلکتوی کی غزلیں — Shakir Kalkattvi Ghazals

شاکر کلکتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے نالوں سے کوئی بدنام ہوتا جائے گا (غزل)

تیرے نالوں سے کوئی بدنام ہوتا جائے گا

تو بھی اے دل مورد الزام ہوتا جائے گا

مطمئن ہوں میں کہ ہو جائے گا سامان سکوں

درد بڑھتا جائے گا آرام ہوتا جائے گا

وجہ ناکامی نہ ہوں اے دل تری بے صبریاں

صبر سے لے کام خود ہر کام ہوتا جائے گا

چھوڑ دے اے دل تمنا زندگی کی چھوڑ دے

تو ہلاک گردش ایام ہوتا جائے گا

ہم تہی دستان قسمت مر گئے پیاسے تو کیا

میکدے میں یوں ہی دور جام ہوتا جائے گا

التفات ناز جو مخصوص تھا میرے لیے

کیا خبر تھی رفتہ رفتہ عام ہوتا جائے گا

عیب ہے شاکرؔ ہر اک کے سامنے عرض ہنر

نام کی خواہش میں تو بدنام ہوتا جائے گا

جبکہ دشمن ہو راز داں اپنا (غزل)

جبکہ دشمن ہو راز داں اپنا

راز کیوں کر رہے نہاں اپنا

عشق میں پھر سکون کیسے ہو

دل جب ایسا ہو بد گماں اپنا

تھی بہار چمن جوانی پر

جبکہ اجڑا تھا آشیاں اپنا

ہم مکرر فریب کیا کھائیں

لطف رہنے دو مہرباں اپنا

کیوں نہ خلوت‌ گزیں رہوں شاکرؔ

گزر اس بزم میں کہاں اپنا

مزید غزلیں از شاکر کلکتوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں