پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاکر حسین اصلاحی کی غزلیں — Shakir Husain Islahi Ghazals

شاکر حسین اصلاحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تلخ لہجے میں بولنے والے (غزل)

تلخ لہجے میں بولنے والے

ہم ہیں لفظوں کو تولنے والے

اب خسارے میں ہیں سیاست کے

اپنے پتوں کو کھولنے والے

طنز کرتے ہیں آسمانوں پر

جو ہیں شاخوں پہ ڈولنے والے

بہہ گئے نفرتوں کے دریا میں

رنگ نفرت کا گھولنے والے

اب کہاں لہجے زعفرانی سے

رس بھی باتوں سے گھولنے والے

میرا سودا نہ کر سکے شاکرؔ

مجھ کو سکوں میں تولنے والے

خواہش قتل عام کرنے لگے (غزل)

خواہش قتل عام کرنے لگے

اپنا جینا حرام کرنے لگے

منزلیں دور ہی رہیں ان سے

جو مسافر قیام کرنے لگے

وہ یہ سمجھے کہ کچھ ضرورت ہے

ہم انہیں جب سلام کرنے لگے

ان اندھیروں کے حوصلے دیکھو

روشنی زیر دام کرنے لگے

عشق چھوٹا تو ہوش میں آئے

ہم بھی اب کام دھام کرنے لگے

ہوش اڑنے لگے ہیں خاروں کے

پھول جب سے کلام کرنے لگے

زندگی کی صلیب ٹوٹ گئی

موت کا انتظام کرنے لگے

زندگی کے اداس دریا میں

کچھ سمندر قیام کرنے لگے

یہ ہے معراج تشنگی شاکرؔ

چڑھتے دریا سلام کرنے لگے

مزید غزلیں از شاکر حسین اصلاحی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں