شاکر عنایتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الفت میں بگڑ کر بھی اک وضع نکالی ہے (غزل)
الفت میں بگڑ کر بھی اک وضع نکالی ہے
دیوانے کی سج دھج ہی دنیا سے نرالی ہے
ڈالی ہے دو عالم پر مٹی ابھی ڈالی ہے
بس کچھ نہیں اب ہم میں یا ہمت عالی ہے
ملتی ہے بڑی راحت اک خاک نشینی میں
میں نے تو طبیعت ہی مٹی کی بنا لی ہے
اس گھر میں بہت کم ہے اب آمد و رفت اس کی
دنیا کی طرف ہم نے دیوار اٹھا لی ہے
کیا رکھا ہے دیوانے ان عقل کی باتوں میں
برگشتہ مزاجی ہے آشفتہ خیالی ہے
حاصل ہے کرم اس کو اک مرشد کامل کا
شاکرؔ کی دعا لے لو شاکرؔ نے دعا لی ہے
جاتے کہاں جنون کے طوفاں میں آ گئے (غزل)
جاتے کہاں جنون کے طوفاں میں آ گئے
آخر کو چارہ گر مرے زنداں میں آ گئے
وہ شور و غل وہ شہر کا طوفان زندگی
اچھے رہے وہی جو بیاباں میں آ گئے
وہ ان کی سیر باغ وہ ذوق بہار ناز
پھول آپ ٹوٹ ٹوٹ کے داماں میں آ گئے
اس گل کی آرزو میں خلش اس قدر ہے کیوں
کانٹے کہاں سے حسرت و ارماں میں آ گئے
جو گھر بچے بچائے تھے طوفان آہ سے
وہ انتظام دیدۂ گریاں میں آ گئے
شایاں تمہاری شان کے یہ زندگی نہیں
تم کیوں ہمارے خواب پریشاں میں آ گئے
ہے اہل بزم یہ بھی اک انداز ناز حسن
آنسو کہاں سے شمع فروزاں میں آ گئے
شاکرؔ نہیں ہے ربط جنہیں صبر و شکر سے
حیواں ہے وہ جو صورت انساں میں آ گئے