پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاکر دہلوی کی غزلیں — Shakir Dehlvi Ghazals

شاکر دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب سمجھتے ہیں کہ اک بہتا ہوا دریا ہوں میں (غزل)

سب سمجھتے ہیں کہ اک بہتا ہوا دریا ہوں میں

یہ فقط میں جانتا ہوں کس قدر پیاسا ہوں میں

آج خود سے بات کی میں نے تو اندازہ ہوا

اک دو کمیوں کے علاوہ آدمی اچھا ہوں میں

اک نئی دنیا بسا لی اس نے مجھ کو چھوڑ کر

جو یہ کہتا تھا کہ اس کے واسطے دنیا ہوں میں

دو گھڑی جب اس سے ملتا ہوں تو ہو جاتا ہوں خوش

بعد میں اس سے بچھڑ کر دیر تک روتا ہوں میں

وقت دنیا دوست دشمن راہ منزل ہم سفر

جانے کس کس سے لڑا ہوں تب یہاں پہنچا ہوں میں

ساقی کو اب شراب کا مطلب بتائیں ہم (غزل)

ساقی کو اب شراب کا مطلب بتائیں ہم

دریا کو یعنی آب کا مطلب بتائیں ہم

تم کو بھی اب حساب دیں ہم اپنے پیار کا

تم کو بھی بے حساب کا مطلب بتائیں ہم

سب سے ہمارے بارے میں کیا پوچھتے ہو تم

تم کو کھلی کتاب کا مطلب بتائیں ہم

تیرا جواب ڈھونڈتے پھرتے ہیں بےوقوف

کس کس کو لاجواب کا مطلب بتائیں ہم

ہم نے سنا ہے آپ کو لگتے ہیں ہم خراب

ملیے کبھی خراب کا مطلب بتائیں ہم

ہم جب پہلی بار ملے تھے (نظم)

ہم جب پہلی بار ملے تھے

گھنٹوں بیٹھ کے باتیں کی تھیں

تم سن کر ناراض ہو شاید

ان باتوں میں اکثر باتیں

مجھ کو بالکل یاد نہیں ہیں

مجھ کو سچ مچ یاد نہیں ہیں

یاد ہے بس اک چہرہ مجھ کو

چہرے پر روشن دو آنکھیں

ان آنکھوں سے بہتے آنسو

آج بھی میری یادوں میں ہیں

میں وہ آنسو پونچھ نہ پایا

آج بھی اس پر نادم ہوں میں

ان آنکھوں کا مجرم ہوں میں

مزید غزلیں از شاکر دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں