شکیل شمسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس سے گلے شکایتیں شکوے بھی چھوڑ دو (غزل)
اس سے گلے شکایتیں شکوے بھی چھوڑ دو
در اس کا چھٹ گیا تو دریچے بھی چھوڑ دو
کیسا ہے وہ کہاں ہے بنا کس کا ہم سفر
بہتر ہے کچھ سوال ادھورے بھی چھوڑ دو
اک بے وفا کا نام لکھو گے کہاں تلک
اوراق اپنے ماضی کے سادے بھی چھوڑ دو
جینے کے واسطے نہ سہارے کرو تلاش
جب ڈوب ہی رہے ہو تو تنکے بھی چھوڑ دو
شاید نئے مکان میں ان کا نہ دل لگے
گھر چھوڑنے لگو تو پرندے بھی چھوڑ دو
جس نے تمہیں چراغوں سے محروم کر دیا
اس کی گلی کے چاند ستارے بھی چھوڑ دو
دریا سے دور رہنا ہی بہتر ہے اب شکیلؔ
دھارے سے کٹ گئے تو کنارے بھی چھوڑ دو
یاد تم آئے تو پھر بن گئیں بادل آنکھیں (غزل)
یاد تم آئے تو پھر بن گئیں بادل آنکھیں
دل کے ویرانے کو کرنے لگیں جل تھل آنکھیں
میری آنکھوں کا کوئی ابر سے رشتہ ہے ضرور
ٹوٹ کے برسی گھٹا جب ہوئیں بوجھل آنکھیں
خواب کو خواب سمجھتی ہی نہیں جانے کیوں
ڈھونڈھتی رہتی ہیں اک شخص کو پاگل آنکھیں
کیسا رشتہ ہے تعلق ہے یہ کیسا آخر
چوٹ تو دل پہ لگی ہو گئیں گھائل آنکھیں
شوخیاں شرم و حیا نور کے سائے جھیلیں
عمر میں پہلے پہل دیکھیں مکمل آنکھیں
جس طرح کوئی غزل لکھی ہو مطلع کے بغیر
یوں نظر آتی ہیں اکثر بنا کاجل آنکھیں
اے شکیلؔ ان سے کہو پیار سے وہ دور رہیں
درد کا بوجھ نہ سہہ پائیں گی چنچل آنکھیں