شکیلہ بانو بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو شخص مدتوں مرے شیدائیوں میں تھا (غزل)
جو شخص مدتوں مرے شیدائیوں میں تھا
آفت کے وقت وہ بھی تماشائیوں میں تھا
اس کا علاج کوئی مسیحا نہ کر سکا
جو زخم میری روح کی گہرائیوں میں تھا
وہ تھے بہت قریب تو تھی گرمئ حیات
شعلہ ہجوم شوق کا پروائیوں میں تھا
کوئی بھی ساز ان کی تڑپ کو نہ پا سکا
وہ سوز وہ گداز جو شہنائیوں میں تھا
بزم تصورات میں یادوں کی روشنی
عالم عجیب رات کی تنہائیوں میں تھا
اس بزم میں چھڑی جو کبھی جاں دہی کی بات
اس دم ہمارا ذکر بھی سودائیوں میں تھا
کچھ وضع احتیاط سے بانوؔ تھے ہم بھی دور
کچھ دوستوں کا ہاتھ بھی رسوائیوں میں تھا
شوخ معصوم سی الہڑ وہ کنواری باتیں (غزل)
شوخ معصوم سی الہڑ وہ کنواری باتیں
یاد آتی ہیں مجھے آپ کی پیاری باتیں
ناز سے روٹھنا پھر ان کا منانا مجھ کو
یاد آنے لگیں رہ رہ کے وہ ساری باتیں
آستیں اپنے ہی اشکوں سے بھگو ڈالوگے
یاد آئیں گی تمہیں جب بھی ہماری باتیں
کی خطا تم نے کہ ہم نے اسے کل سوچیں گے
آج کی رات تو یہ چھوڑیئے ساری باتیں
آج کے دور میں ہر روز ہی سننا ہوں گی
بے حسی سے بھری مفہوم سے عاری باتیں
ان کو بھاتی نہیں یہ بات الگ ہے بانوؔ
دل میں رکھ لینے کے قابل ہیں تمہاری باتیں