پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیل سروش کی غزلیں — Shakeel Sarosh Ghazals

شکیل سروش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھول سے لوگوں کو مٹی میں ملا کر آئے گی (غزل)

پھول سے لوگوں کو مٹی میں ملا کر آئے گی

چل رہی ہے جو ہوا سب کچھ فنا کر جائے گی

زندگی گزرے گی مجھ کو روند کر پیروں تلے

موت لیکن مجھ کو سینے سے لگا کر جائے گی

وہ کسی کی یاد میں جلتی ہوئی شمع فراق

خود بھی پگھلے گی مری آنکھوں کو بھی پگھلائے گی

آنے والے موسموں کی سر پھری پاگل ہوا

ایک دن تیری جدائی کے ترانے گائے گی

آنے والا وقت بھی روئے گا میرے واسطے

آنے والے موسموں کو یاد میری آئے گی

اے مرے ساتھی یہ تیرے چھوڑ جانے کی کسک

مجھ کو دیمک کی طرح اندر ہی اندر کھائے گی

یہ حصول زر کی خواہش ایک لعنت کی طرح

آخر اک دن تجھ کو اپنوں سے جدا کر جائے گی

زندگی اک بد چلن آوارہ لڑکی ہے سروشؔ

دیکھ لینا ایک دن یہ بھی تجھے ٹھکرائے گی

زندگی اور موت کا یوں رابطہ رہ جائے گا (غزل)

زندگی اور موت کا یوں رابطہ رہ جائے گا

مقتلوں کو جانے والا راستہ رہ جائے گا

خشک ہو جائیں گی آنکھیں اور چھٹ جائے گا ابر

زخم دل ویسے کا ویسا اور ہرا رہ جائے گا

بجھ چکی ہوں گی تمہارے گھر کی ساری مشعلیں

اور تو لوگوں میں شمعیں بانٹتا رہ جائے گا

مجھ سے لے جائے گا اک اک چیز وہ جاتے ہوئے

لیکن اس کا نام آنکھوں میں لکھا رہ جائے گا

پھول میں موجود رہنے سے ہے خوشبو کا وقار

پھول میں خوشبو نہیں ہوگی تو کیا رہ جائے گا

یادگار عشق ایسی چھوڑ جاؤں گا سروشؔ

حسن حیرانی سے مجھ کو دیکھتا رہ جائے گا

مزید غزلیں از شکیل سروش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں