پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیل نشتر کی غزلیں — Shakeel Nashtar Ghazals

شکیل نشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام عمر کیا ہم نے انتظار سحر (غزل)

تمام عمر کیا ہم نے انتظار سحر

سحر ہوئی بھی تو آیا نہ اعتبار سحر

بھٹک رہا ہے کہاں کاروان دیدہ و دل

نہ یہ دیار شب غم نہ یہ دیار سحر

سنبھل سنبھل کے چلے کاروان لالہ و گل

یہ رہ گزار سحر ہے یہ رہ گزار سحر

کسی کے حسن تبسم کی اک کرن چھو کر

گلوں کو بخش دیا ہم نے اختیار سحر

ترا خیال نہ آئے ترا خیال آئے

یہی خزاں ہے سحر کی یہی بہار سحر

ابھی تو پھول کھلے ہیں ذرا مہکنے دو

ابھی سے کیسے اتر جائے گا خمار سحر

شب فراق کا ہر لمحہ ہے حسیں نشترؔ

نہ آنکھ میں کوئی آنسو نہ انتظار سحر

سکوں کسی کو میسر نہیں چمن میں ابھی (غزل)

سکوں کسی کو میسر نہیں چمن میں ابھی

بہت سے خار ہیں پھولوں کے پیرہن میں ابھی

نسیم صبح نے گل تو بہت کھلائے ہیں

مگر بہار نہ آئی مرے چمن میں ابھی

مجھے یہ ناز کہ اشکوں کو پی رہا ہوں میں

انہیں یہ غم کی اندھیرا ہے انجمن میں ابھی

چمن پہ ہے یہ کرم بوئے غنچہ و گل کا

کہ ارتباط ہے باقی لب و دہن میں ابھی

یہ کس خیال کے آتے ہی چھٹ گئی نشترؔ

جو تیرگی تھی خیالوں کی انجمن میں ابھی

مزید غزلیں از شکیل نشتر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں