شکیل گوالیاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں ہی کشتی بھی ہوں ملاح بھی طوفان بھی ہوں (غزل)
میں ہی کشتی بھی ہوں ملاح بھی طوفان بھی ہوں
اور اب ڈوب رہا ہوں تو پریشان بھی ہوں
میں جو اوروں کو دکھاتا ہوں اس آئینے میں
اپنا چہرہ نظر آیا ہے تو حیران بھی ہوں
حال یہ کیسا فقیروں سا بنا رکھا ہے
کون کہہ دے گا کسی وقت کا سلطان بھی ہوں
باریابی کی تمنا میں پڑا ہوں در پر
بیٹھا ہوتا تو سمجھ لیتا کہ دربان بھی ہوں
بے بلائے چلا آتا میں نہ کہتا تجھ سے
آج تو مہرباں ہو جا ترا مہمان بھی ہوں
آج تک میری غزل نے نہیں پہچانا مجھے
جبکہ شاعر ہی نہیں صاحب دیوان بھی ہوں
کوئی دیکھے ادھورا پن ہمارا (غزل)
کوئی دیکھے ادھورا پن ہمارا
کہ گھر بھی ہے تو بے آنگن ہمارا
انہیں ہرگز نہ روکو کھیلنے دو
انہی بچوں میں ہے بچپن ہمارا
ابھی کچھ اور سانسوں کی ہوا دو
سلگتا رہ گیا ہے تن ہمارا
تمہیں بھی لے چلے پردیس ساجن
ذرا لگنے لگا تھا من ہمارا
تم آ جاؤ ہرے ہو جائیں گے ہم
ہرا پن لے گیا ساون ہمارا
ہر اک جانب سے چھینٹیں آ رہے ہیں
مگر بے داغ ہے دامن ہمارا