پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیل حیدر کی غزلیں — Shakeel Haidar Ghazals

شکیل حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل یہ کہتا ہے کہ ملنے کی کوئی بات کرے (غزل)

دل یہ کہتا ہے کہ ملنے کی کوئی بات کرے

کوئی تو آئے جو تجدید ملاقات کرے

ہے بہت تیرہ صفت چادر خورشید یہاں

دن کو آغوش میں بھر لے تو اسے رات کرے

یاد ہے حرف دعا بہر مناجات مگر

روز و شب اس کے لیے کون مناجات کرے

اس کے جانے پہ تو خاموش رہے گی یہ زباں

دل کا معلوم نہیں کتنے سوالات کرے

رشک آتا ہے بہت اس کی مہارت پہ مجھے

میری ہر جیت کو وہ شوخ ادا مات کرے

خواب تعبیر حقیقت میں بدل جائے اگر

شب گزیدہ ہی سہی پھر بھی کرامات کرے

ہر کرن کتنی سیہ بخت نظر آنے لگے

تیرگی جب بھی کبھی روشنی کی بات کرے

روز کرتا ہے وہ غیروں سے ملاقات عبث

اس سے کہہ دو کہ وہ اب خود سے ملاقات کرے

میکدہ اچھا سبو اچھے مگر پھر بھی شکیلؔ

زندگی کیسے کوئی نذر خرابات کرے

راس آئی ہے مجھے گردش ایام بہت (غزل)

راس آئی ہے مجھے گردش ایام بہت

عمر بھر دل نے پئے درد بھرے جام بہت

آج پھر خود سے سر راہ ملاقات ہوئی

بے سبب خود کو کیا آج بھی بدنام بہت

رنگ دیتی ہے شفق زخم جدائی کو مرے

یاد آتا ہے کوئی مجھ کو سر شام بہت

چند قطرے جو مری چشم تمنا سے گرے

دیر سے آئے مگر آئے مرے کام بہت

رات بھر ہجر کی تصویر کشی کرتے رہے

رات بھر وصل سے ملتا رہا انعام بہت

میں نے اس دیدۂ پر نم کو کئی بار پڑھا

اشک آلود نگاہوں میں تھے پیغام بہت

شدت درد کا احساس بڑھانے کے لئے

آج آیا ہے مرے لب پہ ترا نام بہت

کس لئے دنیا فقط میری تماشائی رہی

عشق میں لوگ ہوا کرتے ہیں ناکام بہت

عشق کی ایک خطا تجھ سے بھلائی نہ گئی

زندگی تو نے ستایا مجھے ہر گام بہت

کھائے جاتی ہے یہاں میری ہی تنہائی مجھے

یاد آتے ہیں مجھے گھر کے در و بام بہت

کون آئے گا مرے حق میں گواہی کے لئے

چاک داماں پہ لگے ہیں مرے الزام بہت

قبر میں فرصت ہستی کو ترستا ہے شکیلؔ

سوچتا تھا کہ ملے گا وہاں آرام بہت

مزید غزلیں از شکیل حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں