شکیل آزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کٹتے ہیں بڑے چین سے دن رات سفر میں (غزل)
کٹتے ہیں بڑے چین سے دن رات سفر میں
سایہ بھی نہیں اب تو مرے ساتھ سفر میں
جی بھر کے تجھے دیکھ ہی لیتے دم رخصت
کل کیسے ہوں کیا جانئے حالات سفر میں
تجدید تعلق کے لیے کچھ تو بچا لوں
شاید کبھی ہو اس سے ملاقات سفر میں
دھل ہی نہ سکا نقش تری یاد کا دل سے
اشکوں کی لیے پھرتے ہیں برسات سفر میں
جن کے لیے خاموش تھیں آنکھیں بھی زباں بھی
ایسے بھی ہوئے ہم پہ سوالات سفر میں
شاید کہیں مل جائیں شکیلؔ اہل محبت
شعروں کی لیے پھرتے ہیں سوغات سفر میں
مزید غزلیں از شکیل آزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں