شکیل اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پروں کو کھول زمانہ اڑان دیکھتا ہے (غزل)
پروں کو کھول زمانہ اڑان دیکھتا ہے
زمیں پہ بیٹھ کے کیا آسمان دیکھتا ہے
ملا ہے حسن تو اس حسن کی حفاظت کر
سنبھل کے چل تجھے سارا جہان دیکھتا ہے
کنیز ہو کوئی یا کوئی شاہزادی ہو
جو عشق کرتا ہے کب خاندان دیکھتا ہے
گھٹائیں اٹھتی ہیں برسات ہونے لگتی ہے
جب آنکھ بھر کے فلک کو کسان دیکھتا ہے
یہی وہ شہر جو میرے لبوں سے بولتا تھا
یہی وہ شہر جو میری زبان دیکھتا ہے
میں جب مکان کے باہر قدم نکالتا ہوں
عجب نگاہ سے مجھ کو مکان دیکھتا ہے
مجھ پہ ہیں سیکڑوں الزام مرے ساتھ نہ چل (غزل)
مجھ پہ ہیں سیکڑوں الزام مرے ساتھ نہ چل
تو بھی ہو جائے گا بدنام مرے ساتھ نہ چل
تو نئی صبح کے سورج کی ہے اجلی سی کرن
میں ہوں اک دھول بھری شام مرے ساتھ نہ چل
اپنی خوشیاں مرے آلام سے منسوب نہ کر
مجھ سے مت مانگ مرا نام مرے ساتھ نہ چل
تو بھی کھو جائے گی ٹپکے ہوئے آنسو کی طرح
دیکھ اے گردش ایام مرے ساتھ نہ چل
میری دیوار کو تو کتنا سنبھالے گا شکیلؔ
ٹوٹتا رہتا ہوں ہر گام مرے ساتھ نہ چل
تمہارا میں ہوں مرے تم ہو اچھے جملے ہیں (نظم)
تمہارا میں ہوں مرے تم ہو اچھے جملے ہیں
مگر یہ بات بہت دور ہے صداقت سے
کہیں سے تم ہو ادھورے کہیں سے خالی میں
تم اپنے طور مجھے استعمال کرتے ہو
میں اپنے طور تمہیں استعمال کرتا ہوں
یہ زندگی ہے یہاں گھات میں ہے ہر کوئی
سب اپنی اپنی ضرورت میں چھپ کے بیٹھے ہیں
کہیں نہیں ہے محبت فریب ہے سب کچھ
مگر یہ جھوٹی محبت بہت ضروری ہے
ہوا میں جیسے حرارت بہت ضروری ہے