شکیل انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر علوم کے دریا میں میں اتر جاتا (غزل)
اگر علوم کے دریا میں میں اتر جاتا
مرا وجود بھی دنیا میں کام کر جاتا
خدا کی یاد سے ہوتا نہ دل اگر شاداب
تو خشک پتوں کے مانند میں بکھر جاتا
وہ ایک پل جو مری زندگی کا حاصل ہے
اسی نے زندہ رکھا ہے وگرنہ مر جاتا
ہوئی ہے شام پرندے چلے بسیروں میں
مرا بھی گھر کوئی ہوتا تو میں بھی گھر جاتا
خوشی سجائے نہ رہتا اگر میں چہرے پر
مری تباہی کا الزام تیرے سر جاتا
ہے عشق آگ کا دریا یہ مانتا ہوں مگر
اشارہ آپ جو کرتے عبور کر جاتا
بھرا تھا جھوٹ کا دربار چپ رہا انورؔ
وہ سچی بات جو کرتا تو اس کا سر جاتا
غم زمانہ غم عشق جاگزیں دل میں (غزل)
غم زمانہ غم عشق جاگزیں دل میں
مری حیات ہے جکڑی ہوئی سلاسل میں
وہ جن کا نام بھی دنیا ادب سے لیتی ہے
ہے ان کے نام کی خوشبو ہر ایک محفل میں
وہ ایک وعدہ وفا ہو سکا نہ جو مجھ سے
اسی کا درد شب و روز ہے مرے دل میں
مرے نصیب میں تھوڑی حیات باقی ہے
وگرنہ جان تھی میری نگاہ قاتل میں
جسے میں جان سے زیادہ عزیز رکھتا تھا
شمار اس کا بھی ہونے لگا مقابل میں
یہ اور بات کہ لہجہ کرخت ہے میرا
ذرا تو جھانک کے دیکھے کوئی مرے دل میں
یہ بحث ہے کہ غریبی بڑھی ہے کیوں انورؔ
امیر لوگ نظر آ رہے ہیں محفل میں