پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیل احمد شکیل کی غزلیں — Shakeel Ahmad Shakeel Ghazals

شکیل احمد شکیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غنچے وہی ہیں گل وہی گلزار بھی وہی (غزل)

غنچے وہی ہیں گل وہی گلزار بھی وہی

دست جنوں سنبھلنا کہ ہیں خار بھی وہی

ہیں انتظار سنگ میں اسمار بے شمار

اور انکسار سے جھکے اشجار بھی وہی

خوش ہو کے جھوم لیتی ہے اکثر تو زندگی

لیکن وفور غم سے ہے بیزار بھی وہی

ہے شہریار جس کو نہ ہو زر کی احتیاج

اہل دول کے شہر میں مختار بھی وہی

مر مر کے جی رہا ہوں ترے بعد و قرب میں

انکار بھی وہی ترا اقرار بھی وہی

کیا ہے شکیلؔ دنیا کہ اس کی نگاہ میں

جو سب کے کام آتا ہے بیکار بھی وہی

ترے مزاج ترے خلق تیری خو میں رہا (غزل)

ترے مزاج ترے خلق تیری خو میں رہا

یہ انکسار تری ذات میں لہو میں رہا

خموشیوں سے ہیں ظاہر متانتیں جو تری

ترا سلیقہ عیاں تری گفتگو میں رہا

میں خود کو کھو کے تجھے پا لیا زہے قسمت

زمانہ سارا یہاں تیری جستجو میں رہا

بہکتے دل میں رہا تیرے حسن کا وہ سرور

خمار عشق مری روح کے سبو میں رہا

چمن میں کلیاں ہیں رنجیدہ اور خوفزدہ

ملال و حزن بھی پھولوں کے رنگ و بو میں رہا

مزید غزلیں از شکیل احمد شکیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں