شکیب رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے کب کون بچھڑ جائے خبر ہو کہ نہ ہو (غزل)
جانے کب کون بچھڑ جائے خبر ہو کہ نہ ہو
آگے اک موڑ ہے کاندھوں پہ یہ سر ہو کہ نہ ہو
بزم خوباں میں ذرا دیر ٹھہر جا اے دل
آج کے بعد ادھر میرا گزر ہو کہ نہ ہو
درد دل آج کی شب حد سے گزر جاتا ہے
پھر کوئی چارہ گر زخم جگر ہو کہ نہ ہو
وقت رخصت نہ یوں اشکوں میں گزارو ہمدم
آؤ کچھ بات کریں پھر یہ سحر ہو کہ نہ ہو
آخری بار انہیں بھر کے نظر دیکھ تو لیں
ذوق نظارہ رہے پھر یہ نظر ہو کہ نہ ہو
کہہ لیں کچھ حال دل زار غنیمت ہے شکیبؔ
پھر یہ احباب کی محفل یہ نظر ہو کہ نہ ہو
دستک دیتی صرف ہوا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے (غزل)
دستک دیتی صرف ہوا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
دیر سے کوئی در پہ کھڑا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
شاخ ارماں سونی ہے تو کیا الزام بہاروں پر
پھول کسی نے توڑ لیا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
ایک تغافل پروردہ تو خوگر غم ہو جاتا ہے
لطف و کرم سے درد بڑھا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
آدھی رات ہے بند پڑے ہیں شہر کے سارے دروازے
کوئی کواڑہ اب بھی کھلا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
دیس پرایا لوگ پرائے اس سے کیا ہوتا ہے شکیبؔ
تم کو کوئی ڈھونڈھ رہا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے