شکیب ایاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے آب و بے گیاہ ہوا اس کو چھوڑ کر (غزل)
بے آب و بے گیاہ ہوا اس کو چھوڑ کر
کیسے بجھاؤں پیاس میں پتھر نچوڑ کر
وہ بھی عجیب شام تھی جن ساعتوں کے بیچ
میں بھی بکھر بکھر گیا شیشے کو توڑ کر
میں گھر گیا ہوں رنگ سپید و سیاہ میں
وہ خوش ہے زعفران کی اک شاخ توڑ کر
کچھ اور تیز ہو گئی اندر کی روشنی
اک پل بھی مل سکا نہ سکوں آنکھ پھوڑ کر
اب تک تو شعر گوئی پہ قانع رہا مگر
تو بھی شکیبؔ ایاز کوئی توڑ جوڑ کر
ہوس وقت کا اندازہ لگایا جائے (غزل)
ہوس وقت کا اندازہ لگایا جائے
رات پاگل ہوئی دروازہ لگایا جائے
آشنا شہر کی آنکھوں میں نیا شخص لگوں
ایسا چہرے پہ کوئی غازہ لگایا جائے
بیتے موسم میں جو پھل آئے کسیلے نکلے
اب کوئی پیڑ یہاں تازہ لگایا جائے
بھاگتے دوڑتے شہروں کو پنہا کر زنجیر
خلوت جاں کا بھی اندازہ لگایا جائے
میں بکھر جاؤں نہ کاغذ کی طرح کمرے میں
تیز طوفان ہے دروازہ لگایا جائے
پیچھے اک روپ نگر یادوں کا (نظم)
پیچھے اک روپ نگر یادوں کا
سامنے ٹوٹا ہوا آئینہ
دور پر دھندلی سی اک پرچھائیں
جس کو دیکھا تو ہے
پہچانا نہیں ہے اب تک