پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیب بنارسی کی غزلیں — Shakeb Banarsi Ghazals

شکیب بنارسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو نہ آیا تری یادوں کی ہوا تو آئی (غزل)

تو نہ آیا تری یادوں کی ہوا تو آئی

دل کے تپتے ہوئے صحرا پہ گھٹا تو آئی

میں تو سمجھا تھا کہ اب کوئی نہ اپنا ہوگا

تیرے کوچے سے مگر ہو کے صبا تو آئی

میرے مرنے کی سہی جاں سے گزرنے کی سہی

میرے حق میں تیرے ہونٹوں پہ دعا تو آئی

دل دہی کا جو سلیقہ نہیں آیا نہ سہی

آپ کو دل کے دکھانے کی ادا تو آئی

ہو گیا آپ ہی آپ آج مداوا اپنا

گر مسیحا نہیں آیا تو قضا تو آئی

مجھ کو شکوہ نہیں اب قاسم قسمت سے شکیبؔ

کچھ نہ آیا مرے حصے میں وفا تو آئی

ساتھ غربت میں کوئی غیر نہ اپنا نکلا (غزل)

ساتھ غربت میں کوئی غیر نہ اپنا نکلا

میں فقط درد کے صحرا میں اکیلا نکلا

میں نے مانگی تھی شب غم کے گزرنے کی دعا

اور مرے گھر سے بہت دور اجالا نکلا

کوئی چہرہ نہ کوئی عکس نظر آتا ہے

اپنی تقدیر کا آئینہ بھی اندھا نکلا

زندگی کس سے اب امید مداوا رکھے

دشمن جاں تو مرا اپنا مسیحا نکلا

وہ ترا رنگ وفا ہو کہ ترا طرز جفا

میں ہر اک رنگ میں تصویر تمنا نکلا

کیوں نہ دنیا کو مرے قتل پہ حیرت ہوگی

ساتھ میرے مرے قاتل کا جنازہ نکلا

میں بھی تو کون سی رکھتا ہوں محبت اس سے

اپنے دشمن کی طرح میں بھی تو اندھا نکلا

کوئی تحفہ نہ کوئی خط نہ کسی کی تصویر

اور مرے گھر سے ترے غم کے سوا کیا نکلا

کٹ گئی عمر چھپائے ہوئے غم اپنا شکیبؔ

اپنے منہ سے نہ کبھی حرف تمنا نکلا