پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیب غوثی کی غزلیں — Shakeb Ghausi Ghazals

شکیب غوثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بند کمرے کے باہر بھی ہے زندگی (غزل)

بند کمرے کے باہر بھی ہے زندگی

کھڑکیاں کھول کر دیکھنا چاہئے

اتنے الزام اور اک اکیلا خدا

اپنی مرضی کا سب کو خدا چاہئے

سب پہ اظہار حالات اچھا نہیں

بند مٹھی کو کم کھولنا چاہئے

شہر سے اور کوئی شکایت نہیں

سانس لینے کو تھوڑی ہوا چاہئے

تھک چلے پنکھ بھی چھا گئی دھند بھی

شام ہونے کو ہے لوٹنا چاہئے

نشاں قدم کا سر رہ گزر نہ تھا کوئی (غزل)

نشاں قدم کا سر رہ گزر نہ تھا کوئی

ادھر کا رخ کیا ہم نے جدھر نہ تھا کوئی

سفر سلگتے ہوئے موسموں کا تھا در پیش

دہکتی دھوپ تھی سر پر شجر نہ تھا کوئی

تھی چیخ سی کوئی گونجی فضا میں آخری بار

جمود سنگ میں پھر شور و شر نہ تھا کوئی

عجیب سلسلہ اک دستکوں کا تھا شب بھر

کواڑ کھول کے دیکھے مگر نہ تھا کوئی

بدن کی سرحد ویراں پہ ٹھہر جانا پڑا

فسون لمس کے آگے سفر نہ تھا کوئی

فضول پیچھے پڑے شہر کے یہ دانش‌‌ مند

ہماری خاک میں یوں بھی ہنر نہ تھا کوئی

مزید غزلیں از شکیب غوثی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں