شجر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب ہمارا عشق اک گل پر عیاں ہونے لگا (غزل)
جب ہمارا عشق اک گل پر عیاں ہونے لگا
تو جگر گلشن میں خاروں کا دھواں ہونے لگا
جب سے میری جاں میں تیرا راز داں ہونے لگا
دشمن جاں میرا میری جاں جہاں ہونے لگا
صحن دل میں آمد جان تمنا ہو گئی
صحن دل دیکھو مرا باغ جناں ہونے لگا
حضرت آدم کی جب اولاد ہیں ہم سب تو پھر
کیوں فلاں ابن فلاں ابن فلاں ہونے لگا
داستان غم بتا جان وفا کس سے کہیں
درد دل درد جگر اب درد جاں ہونے لگا
نام پے اب عشق کے مٹتی ہے جسموں کی ہوس
ختم سچے عشق کا نام و نشاں ہونے لگا
تو دفاع کرنا دل نازک کی میرے کبریا
جانب راہ محبت دل رواں ہونے لگا
حسرت دیدار جان جاں کی خاطر دیکھیے
قلب میرا دوستوں قلب تپاں ہونے لگا
ختم سارے دیکھیے آثار محشر ہو گئے
آفتاب حشر نظروں سے نہاں ہونے لگا
مبتلا ہے سوچ میں یہ دیکھ کے دنیا شجرؔ
کیوں مصلیٰ چادر آب رواں ہونے لگا
افسوس ہے سب حسب و نسب بھول رہے ہیں (غزل)
افسوس ہے سب حسب و نسب بھول رہے ہیں
ہم لوگ بزرگوں کا ادب بھول رہے ہیں
ہم آپ کی یادوں میں ہیں ڈوبے ہوئے ہر دم
اور آپ ہمیں دیکھو غضب بھول رہے ہیں
جس روز سے دیکھا ہے تری آنکھوں کے اندر
اس روز سے ہم بزم طرب بھول رہے ہیں
مصروف ہیں ہم لوگ زمانہ کی روش میں
کیوں آئے ہیں دنیا میں سبب بھول رہے ہیں
غمگین ہیں تو لب پہ شجرؔ نام ہے رب کا
خوشیوں میں مگر دیکھیے رب بھول رہے ہیں
وہ پیاری نازک حسین لڑکی (نظم)
وہ پیاری نازک حسین لڑکی
جو خواب شیریں میں روز آ کر
ہمارے پہلو میں بیٹھتی تھی ہماری زلفوں سے کھیلتی تھی
وہ شیریں لہجے میں ہنس کے کہتی تھی اے شجرؔ تم قریب آؤ
پھر اپنے گل جیسے دو لبوں سے ہماری پیشانی چومتی تھی
وہ پیاری نازک حسین لڑکی کہاں گئی اب
ہماری آنکھیں ترس گئی ہیں اب اس کے چہرے کی اک جھلک کو
ہمارا پہلو ہے سونا سونا ہماری زلفیں اجڑ گئی ہیں
اب اس کے نازک لبوں کو ہر دم ہماری پیشانی ڈھونڈھتی ہے
اب اس کے ہونٹوں سے نام سننے کو کان دونوں ترس گئے ہیں
خدا ہی جانے وہ پیاری نازک حسین لڑکی کہاں گئی اب