شائستہ یوسف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سن لی راماین کی جب پوری کتھا (غزل)
سن لی راماین کی جب پوری کتھا
دل مرا راون پہ ہو بیٹھا فدا
ہجر کی باتوں میں تھا ایسا اثر
وصل میں بھی دل مرا بیتاب تھا
چاند نے اپنی نگاہیں پھیر لیں
پر تری آنکھوں میں جلتا تھا دیا
اک انوکھی کیفیت نے چھو لیا
ہاتھ میں جیسے خدا کا ہاتھ تھا
اک صحیفے میں لکھی تھی داستاں
لفظ لفظوں سے جدا کیسے ہوا
دل سے دل مل جائیں کچھ ایسا کریں
سات پھیروں سے بھلا ہوگا کیا
سمجھ میں آتی ہے بادل کی آہ و زاری اب (غزل)
سمجھ میں آتی ہے بادل کی آہ و زاری اب
وہ مہربان مجھے بھی بہت رلاتا ہے
مماثلت ہی نہیں ساتھ رہنے والوں میں
کوئی بتائے مجھے کس سے میرا ناطہ ہے
لگا کہ قفل مرے خواب کے دریچوں کو
ترا خیال عذابوں سے کیوں ڈراتا ہے
سمجھ میں آتا نہیں زندہ ہیں کہ مردہ ہیں
کبھی تو مارتا ہے اور کبھی جلاتا ہے
ہزاروں تارے ہیں تیری ہتھیلیوں میں مگر
تو آ کے گھر سے میرے چاند کیوں چراتا ہے
کوئی مجھ سے کہتا ہے سرگوشیوں میں (نظم)
کوئی مجھ سے کہتا ہے سرگوشیوں میں
کبھی آئینے کو
سنوارو سجاؤ تو دیکھو
کہ اس آئنہ میں تمہارے سوا
اور کوئی نہیں ہے
یہ پرچھائیاں یہ شبیہیں
تو سب عکس ہیں
ان زمانوں کا ایسے ماضی کا
تاریخ جس کو اپنا بنانے سے
انکار کرتی ہے
کہ اس میں کوئی عکس جھوٹا نہیں ہے
مگر سچ بھی تو اس کہانی کا ایک نہیں ہے
تمہارا تصور
تمہارا تخیل تو ایک دیوتا ہے
وہی دیوتا جو ازل سے
محبت کا مرکز
محبت کا محور رہا ہے
بڑی سادھنا سے لگن سے
دعاؤں سے
اس کو بلایا
کہ آئینہ روشن ہو
آنکھ اس کو دیکھے
مگر کس کو دیکھے
کہ جب بھی یہ آئینہ روشن ہوا ہے
مرا عکس خود
میری آنکھوں کا پردہ بنا ہے