پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شائستہ سحر کی غزلیں — Shaista Sahar Ghazals

شائستہ سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ بھی ہو تقدیر کا لکھا بدل (غزل)

کچھ بھی ہو تقدیر کا لکھا بدل

چاہئے تجھ کو کہ اب رستا بدل

بعد میں مجھ کو دکھانا آئنہ

پہلے اپنا جا کے تو چہرہ بدل

آگہی کا جس میں اک روزن نہ ہو

اس مکان ذات کا نقشہ بدل

میری وحشت ہے سوا اس سے کہیں

بارہا اس سے کہا صحرا بدل

نعمتیں دنیا کی سب مل جاتی ہیں

ماں نہیں ملتا مگر تیرا بدل

پھر رہا ہے کیوں تہی کاسہ لئے

بار جو شانوں پہ ہے رکھا بدل

ٹوٹی پھوٹی بان کا کیا آسرا

آسماں سر پر اٹھا کھٹیا بدل

رسم دنیا یوں بدل سکتی نہیں

کب سحرؔ تجھ سے کہا تنہا بدل

گل نہیں خار سمجھتے ہیں مجھے (غزل)

گل نہیں خار سمجھتے ہیں مجھے

سب گراں بار سمجھتے ہیں مجھے

ہیں اندھیرے بھی گریزاں مجھ سے

چشم بیدار سمجھتے ہیں مجھے

میری پیشانی پہ محراب نہیں

وہ گنہ گار سمجھتے ہیں مجھے

دولت درد میرا سرمایہ

کیوں وہ نادار سمجھتے ہیں مجھے

دور بیٹھے ہیں مری محفل سے

وجہ آزار سمجھتے ہیں مجھے

چارہ گر بھی ہیں گریزاں مجھ سے

تیرا بیمار سمجھتے ہیں مجھے

کیا کہوں ان سے مآل الفت

جو تری ہار سمجھتے ہیں مجھے

میری غربت نہیں کھلتی مجھ پر

لوگ زردار سمجھتے ہیں مجھے

میرا اثبات محبت ہے مری

اور وہ انکار سمجھتے ہیں مجھے

میں نہیں بزم سے جانے والی

اہل‌ دربار سمجھتے ہیں مجھے

کب سمجھنا وہ مجھے چاہتے ہیں

کار دشوار سمجھتے ہیں مجھے

کیوں سحرؔ حال سناؤں ان کو

میرے غم خوار سمجھتے ہیں مجھے

یہ کس دیار میں لے آئی زندگی مجھ کو (نظم)

یہ کس دیار میں لے آئی زندگی مجھ کو

جہاں پہ پھول سے چہرے ببول لگتے ہیں

جہاں پہ سایہ بھی لگتا ہے دھوپ کی مانند

نسیم چلتی ہے رک رک کے ایسے سینے میں

کہ جیسے پھانس کسی یاد کی اٹکتی ہو

جہاں پہ ابر بھی سورج مثال لگتا ہے

جہاں کرن کی ضرب زخم دل کھرچتی ہے

کھلے جو پھول تو پتی سے چوٹ لگتی ہے

یہ دہر وہ ہے جدھر باد خوش گوار سحر

دریچے کھول کے یادوں کے آہ بھرتی ہے

ہر ایک چہرے پہ آویزاں آنکھ ہے لیکن

کسی نظر میں کوئی رنگ آشنائی نہیں

کسی کا لمس بھی پوروں کے راستے دل میں

دئے جلاتا نہیں اس قدر اندھیرا ہے

مزید غزلیں از شائستہ سحر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں