پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شائستہ مفتی کی غزلیں — Shaista Mufti Ghazals

شائستہ مفتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لکھے ہوئے الفاظ میں تاثیر نہیں ہے (غزل)

لکھے ہوئے الفاظ میں تاثیر نہیں ہے

دل پر جو کسی عشق کی تحریر نہیں ہے

اس زیست کے ہر موڑ پہ لڑنی ہے مجھے جنگ

قرطاس و قلم ہیں کوئی شمشیر نہیں ہے

ممکن ہی نہیں تھا تجھے آواز لگاتے

ہے عشق کی روداد پہ تشہیر نہیں ہے

دنیا میں وفا ڈھونڈنے نکلے تھے ندارد

اک بوجھ ہے دل پر مرے شہتیر نہیں ہے

لمحے میں پلٹ دیں گے زمانے کو تمہارے

ہے عہد ہنر جان یہ تسخیر نہیں ہے

پیوست ہیں اس گھر سے بہت آپ کی یادیں

گزرے ہوئے لمحات ہیں زنجیر نہیں ہے

چپ چاپ بہت دیر سے پھرتے ہیں گریزاں

دنیا میں کوئی آپ سا دلگیر نہیں ہے

اجنبی شہر میں الفت کی نظر کو ترسے (غزل)

اجنبی شہر میں الفت کی نظر کو ترسے

شام ڈھل جائے تو رہ گیر بھی گھر کو ترسے

خالی جھولی لیے پھرتا ہے جو ایوانوں میں

میرا شفاف ہنر عرض ہنر کو ترسے

جس جگہ ہم نے جلائے تھے وفاؤں کے دیئے

پھر اسی گاہ پہ دل دار نظر کو ترسے

میری بے خواب نگاہیں ہیں سمندر شب ہے

وقت تھم تھم کے جو گزرے ہے سحر کو ترسے

جانے ہم کس سے مخاطب ہیں بھری محفل میں

بات دل میں جو نہ اترے ہے اثر کو ترسے

کتنے موسم ہیں کہ چپ چاپ گزر جاتے ہیں

تیرے آنے کا دلاسہ ہے خبر کو ترسے

شبنمی راکھ بچھی ہے مرے ارمانوں کی

نقش پا تیرے کسی خاک بسر کو ترسے

کانچ نازک ہیں خواب نازک ہیں (نظم)

کانچ نازک ہیں خواب نازک ہیں

تم قدم سوچ کر ادھر رکھنا

کھیلنے کا تجھے ہے شوق مگر

ان چٹانوں پہ بھی نظر رکھنا

تیرے دل میں ہے آرزو کی کرن

تیری آنکھوں میں خواب ہیں کل کے

تیرے ہاتھوں میں رنگ تتلی ہیں

تیرے چہرے پہ عزم ہیں دہکے

میرے آنگن کی کانچ کی گڑیا

اپنی قسمت کا امتحان نہ لے

میں تجھے شاد دیکھنا چاہوں

تو اندھیروں کا آسمان نہ لے

دل پہ بیتی جو میں نے سہہ لی ہے

خار راہوں سے تیری چن لوں گی

تیری ہر اک خوشی عزیز مجھے

تجھ کو سنسار اک نیا دوں گی

میری گڑیا مگر یہ کہتی ہے

مجھ کو دنیا تو دیکھ لینے دو

کیا ہوا گر مجھے بھی زخم ملیں

غم ہستی کا وار سہنے دو

مزید غزلیں از شائستہ مفتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں