شائستہ مہہ جبیں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ساتھ تیرا مرا گھر ہو تو مزہ آ جائے (غزل)
ساتھ تیرا مرا گھر ہو تو مزہ آ جائے
پھر وہاں باغ و شجر ہو تو مزہ آ جائے
نوکری کے لئے پھرتے ہیں ہزاروں در در
ہاتھ میں کوئی ہنر ہو تو مزہ آ جائے
تم رکھو سب پہ نظر میرے سوا کیوں ساقی
صرف مجھ پر ہی نظر ہو تو مزہ آ جائے
تجھ کو آتا ہے نظر بس مری شہرت کا خیال
سوز دل کی بھی خبر ہو تو مزہ آ جائے
جانتے ہو نہیں چلنا تو یوں چلتے کیوں ہو (غزل)
جانتے ہو نہیں چلنا تو یوں چلتے کیوں ہو
آج بھی غافل منزل ہو نکلتے کیوں ہو
وہ دلاسے ہی چھلاوے ہی فقط دیتے ہیں
ان کی ہر بات سے ہر بار بہکتے کیوں ہو
جب سنبھالا ہے جوانی میں یوں خود کو تنہا
آپ آ کر کے بڑھاپے میں پھسلتے کیوں ہو
کوئی فن کار اگر شہرت و عزت پائے
مرتبہ ملنے پہ اس نام سے جلتے کیوں ہیں
دل ربا جان وفا ڈرتا ہوں نظر بد سے
بن سنور کر یوں زمانے میں نکلتے کیوں ہو
کام جو ہونے ہیں ہو کر ہی رہیں گے صاحب
ہو کے حیران پریشان نکلتے کیوں ہو
عشق آفت ہے بلا ہے یہ قیامت بھی ہے
عشق کی آگ کے دریا میں اترتے کیوں ہو