پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شائستہ جمال کی غزلیں — Shaista Jamal Ghazals

شائستہ جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پاس آئی ہوئی منزل کے اجالے دیکھے (غزل)

پاس آئی ہوئی منزل کے اجالے دیکھے

جب بھی لوگوں نے مرے پاؤں کے چھالے دیکھے

کتنے خوددار تھے کٹ کر نہ گرے قدموں پر

جتنے سر آپ نے نیزے سے اچھالے دیکھے

مصلحت نام کو چھو کر نہیں گزری مجھ سے

میرے ہونٹوں پہ کبھی آپ نے نالے دیکھے

چاند کو دیکھا کبھی ہم نے ہوائیں چھو لیں

کس طرح دل کے یہ ارمان نکالے دیکھے

خواب سے جاگ کے شائستہؔ جب آنکھیں کھولیں

کتنے الجھے ہوئے حالات کے جالے دیکھے

ایک ہی شمع سے ہر شمع جلائی جائے (غزل)

ایک ہی شمع سے ہر شمع جلائی جائے

یہ کہانی سبھی لوگوں کو سنائی جائے

جس کو اندازا نہیں راہ کی دشواری کا

ایسے نادان کو کیا راہ دکھائی جائے

نفرت‌ و بغض ہو یا خون خرابہ یا رب

اب مرے ملک سے ہر ایک برائی جائے

سرحدی گاندھی تھا باپو کے وفاداروں میں

آج کے بچوں کو یے بات بتائی جائے

مسکراتے ہوئے حق بات سر بزم کہو

یے بھی ممکن ہے کہ آواز دبائی جائے

ہم میں زندہ ہے وفا آج بھی شائستہ جمالؔ

یے کہانی نئے لہجہ میں سنائی جائے

مزید غزلیں از شائستہ جمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں