شائق سعیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے لگے گا کبھی مجھ کو یاد آنا نہیں (غزل)
تجھے لگے گا کبھی مجھ کو یاد آنا نہیں
وہ ایک طنز جو میں نے کبھی بھلانا نہیں
مری سرشت ہے لوگوں سے ہنس کے مل لینا
منافقین کو ویسے تو منہ لگانا نہیں
اے عشق زاد بس اتنا ہی تم سے کہنا تھا
یہ میرا ماس ہے کوئی تمہارا کھانا نہیں
یہ ہنستے چہرے کسی درد کی بناوٹ ہیں
یہ ہنسنا رونا تو لگتا ہے مسکرانا نہیں
میں جتنا جان چکا ہوں تمہاری دنیا کو
اب احتیاط ہی بنتی ہے آزمانا نہیں
عجیب ضد ہے مرے دل کی کچھ دماغ سے یوں
کہ اس کو دیکھتے رہنا ہے پر بتانا نہیں
ہمارے دل کی جگہ پر ہے کارخانۂ غم
سو ہم نے رنج اٹھانا ہے دل دکھانا نہیں
تھوڑا سا وقت لگتا ہے پہلی اڑان میں (غزل)
تھوڑا سا وقت لگتا ہے پہلی اڑان میں
پھر جیسے چاہو کھول دو پر آسمان میں
ہر آدمی یہ کہتا ہے میں تیرے ساتھ ہوں
سچ پوچھیے تو اک بھی نہیں ہے جہان میں
دیکھا جو میرا حال تو کہنے لگا وہ شخص
تیرا شمار ہوتا ہے کیا زندگان میں
فکر معاش ساتھ ہی دل کے معاملے
اس عشق نے تو ڈال دیا امتحان میں
پہلے کڑا سوال تھی کچھ مجھ پہ شاعری
اب سر اٹھا کے چلتا ہوں میں خاندان میں
میں نے کی تیرے شہر سے ہجرت بس اس لئے
تاکہ نہ فرق آئے تری آن بان میں