شائق مظفر پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ دن ہی چین سے گزرا نہ کوئی رات مری (غزل)
نہ دن ہی چین سے گزرا نہ کوئی رات مری
وہ سبز باغ دکھاتی رہی حیات مری
مرے وجود کو رہنے دے سنگ کی صورت
کسی نظر میں تو آئینہ ہوگی ذات مری
تجھے بھی دل میں فراغت سے میں سمو نہ سکوں
کچھ ایسی تنگ نہیں ہے یہ کائنات مری
کروں تو کون سا عنواں عطا کروں اس کو
بٹی ہوئی ہے کئی قسطوں میں حیات مری
مری شکست انا توڑ دے گی خود مجھ کو
سجا کے لوگ نکالیں گے جب برات مری
سمیٹتا ہوں میں ناکامیوں کو جب شائقؔ
مرا مذاق اڑاتی ہیں خواہشات مری
وقت قائم کوئی رشتہ نہیں رہنے دیتا (غزل)
وقت قائم کوئی رشتہ نہیں رہنے دیتا
میرا غم کیوں مجھے تنہا نہیں رہنے دیتا
تشنگی غیر کا احسان اٹھاتی لیکن
میرا آنسو مجھے پیاسا نہیں رہنے دیتا
اب مقدر میں کہاں اپنی زیارت کرنا
تجھ سے غافل کوئی لمحہ نہیں رہنے دیتا
غیر کو اپنا بنانے دے زمانہ کیسے
یہ تو اپنے کو بھی اپنا نہیں رہنے دیتا
باپ کر دیتا ہے اولاد کی خواہش پوری
ضد مگر باپ کی بیٹا نہیں رہنے دیتا
تنگ دستی کو سمجھتا ہوں غنیمت شائقؔ
ورنہ یوں چین سے پیسہ نہیں رہنے دیتا