شاعرہ وحید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوتا ہے اس جہاں میں کسے ناگوار جھوٹ (غزل)
ہوتا ہے اس جہاں میں کسے ناگوار جھوٹ
جب سچ ہوا ذلیل تو عالی وقار جھوٹ
تہذیب نو کا شاعرہؔ ہے شاہکار جھوٹ
بے اختیار سچ ہوا با اختیار جھوٹ
کتنا حسیں فریب ہے پروردگار جھوٹ
جان قرار جھوٹ ہے جان بہار جھوٹ
یہ صبح و شام جھوٹ یہ لیل و نہار جھوٹ
ساری ہی زندگی کا ہے اب کاروبار جھوٹ
بنتی نہیں ہے بات بھی سچ بات کے لئے
جب تک نہ بولا جائے یہاں بار بار جھوٹ
یوں سچ بھی دے رہا ہے یہاں جھوٹ کو خراج
سچ بات کے لئے بھی کرو اختیار جھوٹ
اپنی وفا کے لاکھ دئے تو نے گو فریب
تیری نظر سے ہو ہی گیا آشکار جھوٹ
اب منزل وفا کا بھروسا نہیں رہا
اے عشق بن گئی ہے تری رہ گزار جھوٹ
سچ ہی کا بول بالا رہا شاعرہؔ سدا
سچ پائیدار ہی رہا ناپائیدار جھوٹ
کرم نوازی لیل و نہار بھی تو نہیں (غزل)
کرم نوازی لیل و نہار بھی تو نہیں
بہت دنوں سے ترا انتظار بھی تو نہیں
میں اپنے جیب و گریباں بھی چاک کر لوں مگر
مرے نصیب میں کوئی بہار بھی تو نہیں
بہار بن کے تو آئے ہو میری دنیا میں
مگر بہار کا کچھ اعتبار بھی تو نہیں
تمام عمر خموشی سے تم کو پوجا ہے
دل و نظر پہ مگر اختیار بھی تو نہیں
میں سوچتی ہوں کہ گزرے گی زندگی کیوں کر
کہ بے رخی تری اب ناگوار بھی تو نہیں
چلے بھی آؤ خدارا کہ ہے دم آخر
کہ مجھ میں تاب و تواں او قرار بھی تو نہیں
اٹھیں تو جائیں کہاں شاعرہؔ یہاں سے ہم
اجل کی راہ رہ کوئے یار بھی تو نہیں