پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیخ صادق کی غزلیں — Shaikh Sadique Ghazals

شیخ صادق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مر گئے کچھ موت سے کچھ زندگی سے مر گئے (غزل)

مر گئے کچھ موت سے کچھ زندگی سے مر گئے

اور کچھ جو بچ گئے وہ خودکشی سے مر گئے

موت ایسی چیز ہے جب در پے آئی ملنے تو

مرنے والے جیتے جیتے عاجزی سے مر گئے

کہہ رہے اپنی زبانی مسکرا کے چارہ گر

چارہ ساز زخم دل کی جو کمی سے مر گئے

کیا کریں کس سے شکایت ہم کے زاہد سب یہاں

بے بسی میں تھے جئے اور بیکسی سے مر گئے

میں نے تو سمجھایا تھا سب ہے یہاں اہل جفا

دل لگانے کو چلے تھے دل لگی سے مر گئے

ان کو دیتے تھے صدائیں چاروں جانب بارہا

چپ رہے وہ اور ہم بھی خامشی سے مر گئے

کچھ کو ساقی کی ہے رغبت اور کچھ کو اعتراض

توبہ توبہ کرنے والے مے کشی سے مر گئے

جی رہے کتنے دوانے تیری شوخی سے صنم

ہم تو لیکن بس تمہاری سادگی سے مر گئے

مر گئے کتنے ہی جاناں تیری اک مسکان پر

اور جانا کتنے تیری بے رخی سے مر گئے

قافیوں کی ہر عبارت ان کی نظروں نے لکھی

ان کی آنکھیں پڑھنے والے شاعری سے مر گئے

رات کی تاریکیوں سے کیا کریں صادقؔ گلہ

جگنوؤں کی بھیڑ میں ہم روشنی سے مر گئے

یہ جو نشہ ہے یہ جو اثر ہے خماریاں بھی ہے تھوڑی تھوڑی (غزل)

یہ جو نشہ ہے یہ جو اثر ہے خماریاں بھی ہے تھوڑی تھوڑی

شراب تیرے لبوں سے گویا چھلکتی رہتی ہے تھوڑی تھوڑی

صلہ محبت کا تم سمجھ لو وفا کے بدلے وفا نہیں ہیں

برا بھلا پر اسے نہ کہنا کچھ اپنی غلطی ہے تھوڑی تھوڑی

تمہیں شکایت کرو گے میری تمہی تو میرے سفارشی تھے

گلہ نہیں میں کروں گا لیکن یہ بات چبھتی ہے تھوڑی تھوڑی

کوئی اشارہ خدارا کر دو کہیں تڑپ کر میں مر نہ جاؤں

مجھے شرارت تری اجازت ملے تو کرنی ہے تھوڑی تھوڑی

ہمارے دوزخ میں تم جلو گے تمہارے دوزخ میں ہم جلیں گے

یوں خاک خود کو کریں گے دونو بلا کہ مستی ہے تھوڑی تھوڑی

وہی ہے صبح اور وہی ہے شامیں نیا تو کچھ بھی نیا نہیں ہے

تو گر نہیں ہے تو کچھ نہیں بس غم رسائی ہے تھوڑی تھوڑی

کبھی میں تجھ کو ہی بھول جاؤں یا ایسا ہو تجھ کو یاد آؤں

قیامتیں بس خدا ہی جانے جو مجھ پہ گزری ہے تھوڑی تھوڑی

پلائی اس نے یوں بے دلی سے ہوا نہ کچھ بھی اثر اے صادقؔ

حرام ہے مے کشی ہاں لیکن مجھے تو پینی ہے تھوڑی تھوڑی

مزید غزلیں از شیخ صادق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں