پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیخ سلیم سحر کی غزلیں — Shaikh Saleem Sahar Ghazals

شیخ سلیم سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چراغوں کی حمایت کر رہا ہوں (غزل)

چراغوں کی حمایت کر رہا ہوں

میں سورج سے بغاوت کر رہا ہوں

مری آنکھیں منور ہو رہی ہیں

تری جب سے زیارت کر رہا ہوں

قیامت خیز ہیں حالات لیکن

میں جینے کی جسارت کر رہا ہوں

مری عزت زمانہ کر رہا ہے

بزرگوں کی میں عزت کر رہا ہوں

مسلسل اپنا خون دل جلا کر

غزل میں تیری خدمت کر رہا ہوں

امیروں کے لعل و گہر بولتے ہیں (غزل)

امیروں کے لعل و گہر بولتے ہیں

غریبوں کے علم و ہنر بولتے ہیں

غم ہجر کی اک کہانی ترا خط

لکھاوٹ کے زیر و زبر بولتے ہیں

نمازی بنو گر محبت ہے مجھ سے

حدیثوں میں خیر البشر بولتے ہیں

جنہیں علم و فن پر تکبر نہیں ہے

وہی آدمی مختصر بولتے ہیں

اذاں ہو رہی ہے مری سمت آؤ

مساجد کے دیوار و در بولتے ہیں

سحرؔ نرم لہجے کا انداز چھوڑو

یہاں صرف تیغ و تبر بولتے ہیں

مزید غزلیں از شیخ سلیم سحر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں