شیخ حسن مشکل افکاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
واقف ہیں بے خودی سے نہ اپنی خودی سے ہم (غزل)
واقف ہیں بے خودی سے نہ اپنی خودی سے ہم
شاید کہ بے خبر ہیں ابھی زندگی سے ہم
بیٹھے ہیں تیری بزم میں کس سادگی سے ہم
جیسے کہ آشنا ہی نہیں ہیں کسی سے ہم
جو آج تک ہوا نہ کبھی خضر کو نصیب
وہ کام لے رہے ہیں ابھی گمرہی سے ہم
اک تیرے غم سے پیار ہمیں کیا ہوا اے دوست
دنیا کا غم خرید رہے ہیں خوشی سے ہم
مشکلؔ اگرچہ عزم کریں پختگی کے ساتھ
نظم چمن بدل کے رہیں آج ہی سے ہم
گری ہے برق چمن میں کہاں نہیں معلوم (غزل)
گری ہے برق چمن میں کہاں نہیں معلوم
چمن پھنکا کہ جلا آشیاں نہیں معلوم
کسی کو دل ترا درد نہاں نہیں معلوم
کہاں ملے گی تجھے اب اماں نہیں معلوم
بدل رہا ہے یہ نظم حیات ہی اپنا
کہ ہو رہی ہے محبت جواں نہیں معلوم
یہ جانتا ہوں فقط جل رہا ہے دل میرا
نکل رہا ہے کہاں سے دھواں نہیں معلوم
بھٹک رہا ہوں ہر اک رہ گزر سے وارفتہ
کدھر ہے گرد کہاں کارواں نہیں معلوم
دل خراب کو اب فرصت تلاش کہاں
خلش ضرور ہے لیکن کہاں نہیں معلوم
گزر رہا ہوں جنوں کی جلو میں اے مشکلؔ
یہ ذوق لے کے چلا ہے کہاں نہیں معلوم