پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیخ حسین سالک کی غزلیں — Shaikh Husain Salik Ghazals

شیخ حسین سالک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے اجڑے چمن میں بھی کبھی یا رب بہار آئے (غزل)

مرے اجڑے چمن میں بھی کبھی یا رب بہار آئے

خزاں ہر بار آئی موسم گل ایک بار آئے

چلا ہوں موت آئے راہ میں یا کوئے یار آئے

کسی صورت سے دل کی بے قراری کو قرار آئے

کڑک بجلی کی سنتے ہی لپٹ جاتے ہیں سینے میں

گرج اے ابر باراں ایسا موقع بار بار آئے

نگاہوں میں تری جو کیف ہے مے میں کہاں ساقی

اگر تو دیکھ لے دزدیدہ نظروں میں خمار آئے

تصدق دل کو کر دوں جان کو قربان کر ڈالوں

مگر اس بد گماں کو کاش میرا اعتبار آئے

مسیحا بن کے مجھ کو موت نے چھٹکارا دلوایا

پھنسے تھے آ کے دلدل میں بڑی مشکل سے پار آئے

غم و اندوہ سے بڑھ کر اذیت اس کی ہے سالکؔ

نہ کوئی مونس و ہمدم نہ کوئی غم گسار آئے

شدت غم میں بھی میری روح کو تسکین ہے (غزل)

شدت غم میں بھی میری روح کو تسکین ہے

دل کے لٹ جانے کا یوں تو واقعہ سنگین ہے

مہ وشوں کا یہ نیا طرز ستم تو دیکھیے

پوچھتے ہیں وہ کہ یہ کس بات پر غمگیں ہے

بڑھ گئی ہے پھول اور کلیوں سے کچھ رونق ضرور

میرے ہونے سے یہ دنیا کس قدر رنگین ہے

کچھ نہ کچھ باقی ہیں شاید اور بھی ظلم و ستم

کون جانے کس لئے پھر صبر کی تلقین ہے

لوگ کہتے ہیں کہ شاعر کا کوئی مذہب نہیں

حسن ہے ایمان میرا عشق میرا دین ہے

ہیں بہت سالکؔ قمر میں داغ دھبے اس لئے

چاند سے تشبیہ دینا حسن کی توہین ہے

مزید غزلیں از شیخ حسین سالک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں