پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد بیگ کی غزلیں — Shahzad Baig Ghazals

شہزاد بیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری صورت سے نہیں تجھ سے محبت ہوئی ہے (غزل)

تیری صورت سے نہیں تجھ سے محبت ہوئی ہے

شدت ضبط میں جو حالت وحشت ہوئی ہے

میرے اطراف میں جو پھول کھلے ہیں مرے دوست

تیرے ہونے سے ہی تو ان میں یہ رنگت ہوئی ہے

عرصۂ ہجر میں اے ٹوٹ کے رونے والے

اس سے پہلے بھی کبھی تیری یہ حالت ہوئی ہے

پیاس اتنی ہے کہ ہلکان ہوا جاتا ہوں

مجھ کو تجھ سے نہیں دریا سے شکایت ہوئی ہے

شہر کا شہر جو گلیوں میں امڈ آیا تھا

ایسے لگتا تھا یہاں کوئی بغاوت ہوئی ہے

دل دھڑکنے کا سبب پوچھ رہے ہو تو سنو

تیری آمد ہی مجھے وجہ مسرت ہوئی ہے

میں خدا کی طرح شہزادؔ اسے چاہتا ہوں

اس لیے میری محبت بھی عبادت ہوئی ہے

عجیب عشق ہوا ہے مجھے گمان کے ساتھ (غزل)

عجیب عشق ہوا ہے مجھے گمان کے ساتھ

تمام شہر کو چھانا ہے اس تھکان کے ساتھ

منافقوں نے مرے ہاتھ باندھ رکھے ہیں

سو مجھ کو وار بھی کرنا ہے اب زبان کے ساتھ

اب اچھے لوگ بھی نایاب ہوتے جاتے ہیں

گزر بسر ہے مری اب تو اپنی جان کے ساتھ

میں جن کے واسطے رستہ بنانا چاہتا ہوں

شمار کرتے ہیں مجھ کو بھی وہ چٹان کے ساتھ

ہر ایک دوست صف دشمناں میں شامل ہے

جبھی تو بنتی نہیں میری اس جہان کے ساتھ

مخالفین سے دب کر نہیں رہوں گا میں

میں سر اٹھا کے چلوں گا عجیب شان کے ساتھ

مری تباہی کا شہزادؔ سوچنے والے

لگائے بیٹھے ہیں خیمے مرے مکان کے ساتھ

مزید غزلیں از شہزاد بیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں