شہزاد انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات دل میں ہو جو بھی کہا کیجیے (غزل)
بات دل میں ہو جو بھی کہا کیجیے
دل ہی دل میں نہ یوں ہی جلا کیجیے
غم میں خوشیوں میں شامل رہا کیجیے
حق پڑوسی کا اپنے ادا کیجیے
کوئی شکوہ نہ کوئی گلہ کیجیے
مسکرا کر سبھی سے ملا کیجیے
میرے محبوب سے آئنہ نے کہا
دیکھ کر روز مجھ میں سجا کیجیے
میرے کوچے سے درویش کہتا گیا
چاہتے ہو بھلا تو بھلا کیجیے
آفتیں مشکلیں دور ہو جائیں گی
پنج وقتہ نمازیں ادا کیجیے
گرمیٔ غم سے انور پریشان ہے
ماں کے آنچل سے ٹھنڈی ہوا کیجیے
مدت سے اس کے شہر سے گزرا نہیں ہوں میں (غزل)
مدت سے اس کے شہر سے گزرا نہیں ہوں میں
پر ذہن و دل سے آج بھی نکلا نہیں ہوں میں
تیری ہر ایک سانس کو اپنی بنا لیا
اور تو یہ کہہ رہا ہے کہ تیرا نہیں ہوں میں
بس اک ذرا سی بات پہ بد نام کر دیا
سب کو بتا رہا ہے کہ اچھا نہیں ہوں میں
میں دوسروں کو ڈھالتا ہوں اپنے رنگ میں
ہرگز کسی کے رنگ میں ڈھلتا نہیں ہوں میں
دنیا سمجھتی مجھ کو خرد مند اس لئے
کہ گفتگو فضول کی کرتا نہیں ہوں میں
قسمت نے مجھ کو زیرو سے ہیرو بنا دیا
ہوں آج بھی میں ویسا ہی بدلا نہیں ہوں میں
انورؔ شباب اس کا کہ کوئی گلاب ہے
افسوس یہ ہے مجھ کو کہ بھنورا نہیں ہوں میں