شہزاد چندوسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم بھی آپ بھی لشکر بھی (غزل)
ہم بھی آپ بھی لشکر بھی
خالی ہاتھ سکندر بھی
سچ والے سچ ہی بولے
نوک سناں پر چڑھ کر بھی
پاؤں بھی لمبے ہیں اپنے
اور چھوٹی ہے چادر بھی
نیکی بدی کے کھیلو کھیل
سامنے رکھو محشر بھی
بجھتی نہیں کیوں آخر پیاس
سات سمندر پی کر بھی
پیاس کا طوفاں ہونٹوں پر
اور قدموں میں کوثر بھی
دل میں خوف خدا شہزادؔ
ساتھ ہی دنیا کا ڈر بھی
دیواریں ہی کیا ہر در کچھ اور ہی تھا (غزل)
دیواریں ہی کیا ہر در کچھ اور ہی تھا
جب وہ تھا تو اپنا گھر کچھ اور ہی تھا
اس کی آنکھوں میں مایوسی کے سائے
میری آنکھوں میں منظر کچھ اور ہی تھا
مانا کہ وہ ساقئ مے خانہ ہے
نیلی آنکھوں کا ساغر کچھ اور ہی تھا
سچ کہنے پر آج بھی سر کٹتے ہیں یہاں
لیکن وہ منصور کا سر کچھ اور ہی تھا
ہوئے ہیں غرقاب اب بھی کتنے طوفاں میں
نیل میں ڈوبا لشکر پر کچھ اور ہی تھا
کون سمجھتا شہزادؔ اس کی فطرت کو
باہر تھا کچھ اور اندر کچھ اور ہی تھا