شاہ رخ عبیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود سے جو رابطہ نہیں کرتے (غزل)
خود سے جو رابطہ نہیں کرتے
زندگی سے وفا نہیں کرتے
اپنی باتیں کہا نہیں کرتے
ہم خموشی کو وا نہیں کرتے
اپنی تصویر ایسے مت دیکھو
آنکھ کو آئنہ نہیں کرتے
بس سناتے ہو فیصلہ اپنا
تم کبھی مشورہ نہیں کرتے
تم یہ دنیا بھی جیت سکتے ہو
بس ذرا حوصلہ نہیں کرتے
تم کو معلوم کیا ہے آزادی
تم پرندے رہا نہیں کرتے
جب چاندنی میں چاند سے نظریں ملائیں گے (غزل)
جب چاندنی میں چاند سے نظریں ملائیں گے
پریوں کی تم کو ایک کہانی سنائیں گے
تکتی ہے مجھ کو حسن کے پردے سے خود حیا
آداب عشق آپ مجھے کیا سکھائیں گے
چلتا ہے ساتھ ساتھ خموشی کا اک ہجوم
تھک کر گریں گے ہم تو صدائیں لگائیں گے
چھت پر ٹہل رہی ہے عجب سر پھری ہوا
جگنو اندھیری رات کو رستہ دکھائیں گے
پھر چل رہی ہے میری بھی چڑیوں سے گفتگو
فصل بہار آئی تو نغمیں سنائیں گے
اب تو کہیں عبیرؔ اداسی سے مل گلے
وقت شباب ہم بھی کئی گل کھلائیں گے
مزید غزلیں از شاہ رخ عبیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں