پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہروز خاور کی غزلیں — Shahroz Khawar Ghazals

شہروز خاور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات چھیڑی گئی ہے گاؤں کی (غزل)

بات چھیڑی گئی ہے گاؤں کی

سانس چلنے لگی ہواؤں کی

کاٹ پیڑوں کو اور بنا بھگوان

مانگ ان سے دعائیں چھاؤں کی

بلڈنگوں کے سسکتے کمروں میں

فکر و تہذیب ہے گپھاؤں کی

میکدے کی گلی کے نکڑ پر

ایک بیٹھک ہے پارساؤں کی

ایک دھڑکن ہے میرے سینے میں

ایک آہٹ ہے تیرے پاؤں کی

میری کونپل زمیں سے پھوٹی ہے

بات ہونے لگی ہے چھاؤں کی

تمہیں جو دیکھ کے موسم بدل رہی ہے زمیں (غزل)

تمہیں جو دیکھ کے موسم بدل رہی ہے زمیں

میں جانتا ہوں کہ اندر سے جل رہی ہے زمیں

اب اس کی مرثیہ خوانی کا وقت آ پہنچا

کبھی جو گیت رباعی غزل رہی ہے زمیں

خوشی نہ کوئی شکایت ہے بے نیازوں کو

بدل رہا ہے زمانہ بدل رہی ہے زمیں

یہ معجزہ ہے مسلسل سفر میں رہنے کا

میں تھک کے بیٹھ گیا اور چل رہی ہے زمیں

خیال ہے کہ تری نیند میں خلل نہ پڑے

سنبھل سنبھل کے جو کروٹ بدل رہی ہے زمیں

میں کر رہا ہوں نظارہ یہ چاند سے شہروزؔ

کہ ڈھلنے والا ہے سورج نکل رہی ہے زمیں

کب ہوئی حاصل ہمیں تاریخ نامے سے نجات (نظم)

کب ہوئی حاصل ہمیں تاریخ نامے سے نجات

پھر نئے موسم کی آہٹ پھر نئی خوشبو کی بات

پھر چمن میں دیدنی ہوگی نئے پھولوں کی عید

پھر نئے پتوں کا استقبال اور خوش آمدید

پھر وہی خوابوں کے کاروبار نیندوں کے عذاب

پھر وہی رستہ وہی بے کیف منظر اور سراب

پھر وہی ٹک ٹک گھڑی کی اور پرانے فاصلے

پھر وہی آفس کی جلدی پھر وہی شکوے گلے

پھر وہی سانسوں کی دھکم پیل ہوگی ریل میں

ہر کوئی جاتا ہوا محسوس ہوگا جیل میں

خواستہ نا خواستہ کرتے ہوئے سب کچھ قبول

پھر نظر آئیں گے راہوں میں وہی خوش رنگ پھول

پھر وہی دل پھر وہی دھک دھک وہی جینے کا روگ

پھر وہی سب جانے پہچانے مگر انجان لوگ

پھر وہی ہوٹل وہی کافی وہی سگریٹ سموک

پھر وہی اپنے وہی اپنوں سے ہوگی نوک جھونک

پھر وہی اک آسماں اور پھر وہی اپنی زمیں

سب بدلتا یوں ہے جیسے کچھ بدلتا ہی نہیں

سب وہی کردار ہوں گے تیر اور شمشیر کے

سب وہی پچھلے قرینے ہوں گے رانجھا ہیر کے

سال نو ہم خوب واقف ہیں ترے آغاز سے

زخم دیرینہ ہرے ہوں گے نئے انداز سے

بس نیا محسوس ہوتا ہے نئی پوشاک سے

اور گزرتا جا رہا ہے جسم اپنی خاک سے

مزید غزلیں از شہروز خاور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں