پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہرام سرمدی کی غزلیں — Shahram Sarmadi Ghazals

شہرام سرمدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدل جائے گا سب کچھ یہ تماشا بھی نہیں ہوگا (غزل)

بدل جائے گا سب کچھ یہ تماشا بھی نہیں ہوگا

نظر آئے گا وہ منظر جو سوچا بھی نہیں ہوگا

ہر اک لمحہ کسی شے کی کمی محسوس بھی ہوگی

کہیں بھی دور تک کوئی خلا سا بھی نہیں ہوگا

وہ آنکھیں بھی نہیں ہوں گی کہیں جو ان کہی باتیں

ہوا میں سبز آنچل کا وہ لہرا بھی نہیں ہوگا

سمٹ جائے گی دنیا ساعت امروز میں اک دن

شمار زیست میں دیروز و فردا بھی نہیں ہوگا

مگر قد روز و شب کا دیکھ کر حیران سب ہوں گے

مدار اپنا زمیں نے گرچہ بدلا بھی نہیں ہوگا

عجب ویرانیاں آباد ہوں گی قریہ در قریہ

شجر شاخوں پہ چڑیوں کا بسیرا بھی نہیں ہوگا

میں نہیں روتا ہوں اب یہ آنکھ روتی ہے مجھے (غزل)

میں نہیں روتا ہوں اب یہ آنکھ روتی ہے مجھے

روتی ہے اور سر سے پاؤں تک بھگوتی ہے مجھے

بد دعا ہے جانے کس کی یاد کی جو ہر گھڑی

ہر گزشتہ لمحے سے وحشت سی ہوتی ہے مجھے

ممکنہ حد تک میں اپنی دسترس میں ہوں مگر

پچھلے کچھ دن سے کوئی شے مجھ میں کھوتی ہے مجھے

مطمئن تھا دن کے بکھراؤ سے میں لیکن یہ رات

دانہ دانہ پھر عجب ڈھب سے پروتی ہے مجھے

میں بہت مشاق اک تیراک تھا لیکن وہ آنکھ

دیکھ اب مع کشتیٔ جاں کے ڈبوتی ہے مجھے

کتاب گمراہ کر رہی ہے (نظم)

کتاب گمراہ کر رہی ہے

پہ اک یقیں ہے کہ

اتنی گمراہیوں کے پیچھے

کوئی تو اک راہ ہوگی

جو منزلوں سے نہیں ملے گی

سفر پہ جو گامزن رکھے گی

یہ شرک کہنہ

سفر کی وحدانیت کو مجروح کر رہا ہے

کہاں کی منزل

کہاں ہے منزل

یہ شرک کے ہیں سراب سارے

ہم آپ ہیں محو خواب سارے

یہ شرک افیون بن کے خوں میں گھلا ہوا ہے

ہجوم منزل میں اب سفر کی شناخت

خود ایک مسئلہ ہے

سفر خلا ہے

خلا میں جو کچھ بھی ہو نتیجہ وہی خلا ہے

یہی خلا ہے!

خلا کو منزل کے نقش پا سے کثیف کرنے کا

احمقانہ خیال چھوڑو

کتاب گمراہ کر رہی ہے!

سفر پہ نکلو

پہ منزلوں کے مہیب سایوں کی زد سے

خود کو بچائے رکھو

سفر پہ پاؤں جمائے رکھو

یہ سب وجود و عدم کے قصے

سفر میں تخلیق ہو رہے ہیں

ازل نہیں ہے ابد نہیں ہے

یہ اک سفر ہے کہ حد نہیں ہے

تو کیسے نا حد میں

منزلوں کی حدیں بنائیں

خلا خلا خلائیں

اسی وجود خلا میں انساں

وجود انسان شرک اعظم

یہ ایک نکتہ ہے اسم اعظم

کس اسم اعظم کی جستجو میں

کتاب تصنیف ہو رہی ہے

کتاب تالیف ہو رہی ہے

وجود انساں

کتاب تصنیف کر رہا ہے

کتاب تالیف کر رہا ہے

مزید غزلیں از شہرام سرمدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں